پاکستان کے سرکاری قرضوں میں ایک سال کے دوران 6 ہزار 200 ارب روپے کا اضافہ، حجم 91 ہزار ارب روپے کے قریب پہنچ گیا
اسلام آباد: پاکستان کے مجموعی سرکاری قرضوں میں ایک سال کے دوران 6 ہزار 200 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد جون 2026 کے اختتام پر ملکی قرضوں کا حجم 90.98 ٹریلین روپے تک پہنچ گیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزارت خزانہ کے جاری کردہ اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ جون 2025 کے اختتام پر پاکستان کے مجموعی سرکاری قرضے 84.8 ٹریلین روپے تھے، جو اگلے ایک سال کے دوران بڑھ کر 90.98 ٹریلین روپے ہوگئے۔
اعدادوشمار کے مطابق ایک سال میں حکومت کے قرضوں میں مجموعی طور پر 6.2 ٹریلین روپے یعنی 6 ہزار 200 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے مالی سال 2027 سے 2029 کیلئے مرتب کردہ قرضوں کی پائیداری کے تجزیے میں بھی ان اعدادوشمار کی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جون 2026 کے اختتام تک حکومت کے مجموعی قرضوں اور حکومت کی جانب سے ضمانت فراہم کردہ قرضوں کی مالیت 90.98 ٹریلین روپے ریکارڈ کی گئی، جبکہ گزشتہ سال یہ حجم 84.8 ٹریلین روپے تھا۔
دوسری جانب سرکاری قرضوں میں اضافے کے باوجود مجموعی قرضوں کا ملکی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) سے تناسب کم ہو کر 72 فیصد رہ گیا ہے۔