لاہور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کی سربراہی میں ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کی گورننگ کونسل کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں لیگ کے بارہویں ایڈیشن سے متعلق متعدد اہم اور کلیدی فیصلے کیے گئے۔
اجلاس کے دوران حتمی منظوری دی گئی کہ پی ایس ایل 12 کے لیے کھلاڑیوں کی بولی یا آکشن کا معرکہ 23 جنوری کو سجایا جائے گا، جبکہ یہ سنسنی خیز ٹورنامنٹ 18 مارچ سے 2 مئی تک ملک کے پانچ سے چھ مختلف شہروں میں منعقد ہوگا۔ اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر، تمام تمام فرنچائزز کے مالکان، نمائندوں اور پی سی بی کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
کونسل کے فیصلے کے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل کے لیے کھلاڑیوں کو براہِ راست سائن کرنے کا عمل 23 اکتوبر سے 23 نومبر کے درمیان مکمل کیا جائے گا۔
قوانین کے تحت ہر فرنچائز کو ایک معروف یا ‘مارکی’ کھلاڑی سے معاہدہ کرنے کا اختیار حاصل ہوگا، تاہم شرط یہ عائد کی گئی ہے کہ وہ کھلاڑی گزشتہ دو ایڈیشنز کا حصہ نہ رہا ہو۔
اس کے ساتھ ہی کرکٹ ورکشاپ کا انعقاد اگلے ہفتے متوقع ہے، جبکہ ایونٹ کے باقاعدہ آغاز سے قبل نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے گولڈ اور سلور مرحلے بھی کھیلے جائیں گے۔
اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل ملک کا سب سے معتبر اور بڑا کرکٹ برانڈ ہے اور پچھلے ایڈیشن کا شاندار اختتام اسٹیڈیمز میں ریکارڈ شائقین کی آمد کے ساتھ ہوا تھا، اسی تسلسل کو آئندہ بھی قائم رکھا جائے گا۔ انہوں نے اس بار لیگ کا دائرہ کار مزید شہروں تک پھیلانے کا عزم بھی ظاہر کیا۔
دوسری جانب سی ای او سلمان نصیر نے کہا کہ فیصلے کے بعد سے تمام فرنچائزز کے درمیان پی ایس ایل 12 کے لیے ایک سے بڑھ کر ایک اور مضبوط اسکواڈ تیار کرنے کی دوڑ شروع ہو چکی ہے۔