پشاور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2027 کے میچز پشاور میں بھی کھیلے جائیں گے، جبکہ جنوری کے تیسرے ہفتے میں تین ٹیموں پر مشتمل ٹی 20 مقابلے کا انعقاد بھی شہر میں کیا جائے گا۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے پشاور اور خیبرپختونخوا کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ شائقین کرکٹ طویل عرصے سے پی ایس ایل کے پشاور آنے کے منتظر تھے۔
انہوں نے کہا کہ پشاور کو پی ایس ایل کے میزبان شہروں میں شامل کرنے کا مقصد پاکستان کرکٹ کے لیے اس شہر کی خدمات کا اعتراف کرنا ہے۔ انہیں یقین ہے کہ پشاور کے عوام لیگ کا اسی جوش و جذبے سے استقبال کریں گے جس کے لیے وہ مشہور ہیں۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ملک میں کرکٹ کی بحالی اور فروغ کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ قبائلی اضلاع میں نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے علیحدہ کرکٹ اکیڈمی بھی قائم کی جا رہی ہے۔
اس موقع پر پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر نے کہا کہ یہ وہ لمحہ ہے جس کا لیگ اور بالخصوص پشاور کے کرکٹ شائقین گزشتہ 12 سال سے انتظار کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 میں چھٹے وینیو کے طور پر پشاور کی شمولیت لیگ کی ترقی اور وسعت کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔