Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

پاکستان اور پرتگال میں تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق، 20 پرتگالی کمپنیوں کی پاکستان میں دلچسپی

 اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے پرتگال کے وزیر خارجہ پاؤلو رینڈژیل نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور پرتگال کے درمیان سیاسی، معاشی اور تجارتی تعلقات مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

پرتگال کے وزیر خارجہ 22 سے 23 نومبر تک پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں۔ وزیراعظم نے معزز مہمان کا خیرمقدم کرتے ہوئے خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار کی حمایت اور یورپی یونین کی جی ایس پی پلس سہولت کے تحت پاکستان کی مسلسل معاونت پر پرتگال کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیکسٹائل، سیاحت، تعلیم اور ثقافتی تبادلوں سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مشترکہ وزارتی کمیشن (جے ایم سی) کے قیام سے متعلق پاکستان کی تجویز قبول کرنے پر پرتگال کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کمیشن دونوں ممالک کی مشترکہ ترجیحات کے تعین اور عملی تعاون کے فروغ کے لیے مؤثر فورم ثابت ہوگا۔

اس موقع پر پرتگال کے وزیر خارجہ کے دورے کے ساتھ پاکستان پرتگال بزنس فورم کے انعقاد کا بھی خیرمقدم کیا گیا، جس میں پرتگال کی تقریباً 20 کمپنیوں نے شرکت کی۔ فورم کے ذریعے دونوں ممالک کے کاروباری نمائندوں کو تجارت، سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے نئے مواقع تلاش کرنے کا موقع ملا۔

وزیراعظم نے پرتگالی کمپنیوں کو پاکستان میں قابل تجدید توانائی، زراعت، غذائی اشیا کی پراسیسنگ، ٹیکسٹائل، ٹیکنالوجی اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

ملاقات میں زیتون کی کاشت، پراسیسنگ اور جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی سمیت زرعی شعبے میں تعاون بڑھانے اور دونوں ممالک کی ٹیکسٹائل صنعتوں کے درمیان روابط مستحکم کرنے پر بھی گفتگو ہوئی۔

اس کے علاوہ افرادی قوت کی نقل و حرکت، پیشہ ورانہ تربیت، تعلیمی تعاون، ثقافتی تبادلوں اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں فریقوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دورے کے دوران طے پانے والے معاملات پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا تاکہ پاکستان اور پرتگال کے تعلقات کو عملی تعاون اور ٹھوس نتائج میں تبدیل کیا جا سکے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More