لاہور: وسط نومبر کی شام لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال میں بہتری ریکارڈ کی گئی اور ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) کم ہو کر 155 پر آگیا۔
سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے فضائی معیار میں بہتری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ نومبر کی شام درجہ حرارت میں کمی کے باوجود اے کیو آئی میں بہتری حکومتی اقدامات کے مثبت نتائج کی عکاس ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عالمی آلودگی رینکنگ میں لاہور کا نویں نمبر پر آنا ظاہر کرتا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باوجود مقامی سطح پر آلودگی کے ذرائع کو کنٹرول کرنے کی کوششیں مؤثر ثابت ہو رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 155 تک آنا مسلسل فضائی نگرانی، موسمی حالات اور مختلف شعبوں میں انسدادِ سموگ اقدامات کا نتیجہ ہے۔
سینئر وزیر پنجاب نے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایات پر ماحول دشمن سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں اور فیلڈ انفورسمنٹ کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ سموگ کے خلاف جنگ میں حکومتی اقدامات کے ساتھ عوامی تعاون بھی انتہائی ضروری ہے، صاف اور صحت مند پنجاب کی تشکیل حکومت اور شہریوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔