انتخابی اصلاحات میں برابری کی نمائندگی دی جائے، بانی پی ٹی آئی کی صحت پر سیاست نہ کی جائے: بیرسٹر گوہر
اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے انتخابی اصلاحات کے معاملے پر تمام فریقین کو برابری کی نمائندگی دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، ان کے علاج اور طبی معائنے کے لیے عدالتی احکامات پر مکمل عملدرآمد کیا جائے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے پارٹی کو شدید تحفظات ہیں
سپریم کورٹ کا حکم ہے کہ ان کا علاج شفا ہسپتال میں کیا جائے اور میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی فیملی اور ذاتی معالج سے ملاقات بھی عدالتی حکم کا حصہ ہے، ان تمام امور پر عملدرآمد ہی سے ہمارے تحفظات دور ہو سکتے ہیں۔ سابق وزیراعظم اور قیدی کی حیثیت سے بھی انہیں یہ حقوق حاصل ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ کل لاہور میں آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوگی، جبکہ دیگر وکلا جیل میں ملاقات کے لیے جائیں گے۔ عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ پارٹی کے زیر انتظام نہیں، سلمان اکرم راجہ پہلے بھی یہ مؤقف عدالت کے سامنے پیش کر چکے ہیں اور آئندہ سماعت پر دوبارہ وضاحت کر دی جائے گی۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ملاقاتیں ہونی چاہئیں، تاہم عمران خان کی بہنوں، اہلخانہ اور وکلا سے ملاقات کا معاملہ بھی اہم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ القادر کیس میں 25 نومبر کو عدالت میں پیش ہوں گے۔ ہمیں انصاف ملنا چاہیے اور انصاف ہوتا ہوا نظر بھی آنا چاہیے۔