معروف وائس آرٹسٹ ایرک باؤزا 46 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، بگز بنی اور ڈیفی ڈک کو آواز دینے کے لیے مشہور تھے
نیو یارک: (ویب ڈیسک) اینی میشن کی دنیا کے معروف وائس آرٹسٹ ایرک باؤزا 46 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ مشہور کارٹون کرداروں بگز بنی، ڈیفی ڈک، پورکی پگ اور ٹوئیٹی سمیت متعدد مقبول کرداروں کو آواز دینے کے حوالے سے شہرت رکھتے تھے۔
ایرک باؤزا کے اہلِ خانہ نے اتوار، 25 اکتوبر کو ان کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری پیغام کے ذریعے ان کے انتقال کی تصدیق کی۔ تاہم ان کی موت کی وجہ سے متعلق تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔
ان کے انتقال کی خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب شائقین نے حال ہی میں ان کے ایک نئے منصوبے Coyote vs. Acme میں ان کی آواز سنی تھی۔
ایرک باؤزا نے 2020 میں وارنر برادرز کی مشہور اینی میٹڈ سیریز Looney Tunes کے کرداروں کو آواز دینا شروع کی۔ اس کے بعد انہوں نے بگز بنی اور ڈیفی ڈک کے علاوہ پورکی پگ، ٹوئیٹی اور مارون دی مارٹین جیسے معروف کرداروں کو بھی اپنی آواز دی۔ بگز بنی کے کردار کے لیے انہوں نے وائس آرٹسٹ جیف برگمین کے ساتھ بھی کام کیا۔
وارنر برادرز کے مشہور کرداروں کے علاوہ ایرک باؤزا نے ووڈی ووڈپیکر سمیت کئی دیگر اینی میٹڈ کرداروں کے لیے بھی آواز کا فن پیش کیا، جس کے باعث انہیں اینی میشن انڈسٹری کے نمایاں فنکاروں میں شمار کیا جانے لگا۔
ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں انہیں متعدد اعزازات سے نوازا گیا۔ 2022 میں انہوں نے Looney Tunes Cartoons میں بہترین وائس پرفارمنس پر بچوں اور فیملی ایمی ایوارڈ حاصل کیا۔ بعد ازاں 2023 میں Bugs Bunny Builders اور 2025 میں Teen Titans Go! کے لیے بھی انہیں بچوں اور فیملی ایمی ایوارڈز ملے۔
7 دسمبر 1979 کو پیدا ہونے والے ایرک باؤزا نے ٹیلی ویژن، فلموں، ویڈیو گیمز اور مختصر دورانیے کی اینی میشنز سمیت تفریحی صنعت کے مختلف شعبوں میں کام کیا۔
ان کے کیریئر میں اہم موڑ اس وقت آیا جب انہوں نے Ren & Stimpy Adult Party Cartoon میں اسٹمپّی کے کردار کو آواز دینا شروع کی۔ اس سے قبل یہ کردار بلی ویسٹ کی آواز میں پیش کیا جاتا تھا۔ اس تجربے نے باؤزا کے لیے اینی میشن کی دنیا میں مزید مواقع کے دروازے کھولے۔
ایرک باؤزا کے فنی سفر میں مجموعی طور پر 249 منصوبوں میں 935 وائس رولز شامل رہے۔ ان کے نمایاں کاموں میں The Adventures of Puss in Boots کے مرکزی کردار اور Muppet Babies میں بے بی فوزی کو آواز دینا بھی شامل ہے۔
ایرک باؤزا کے انتقال سے اینی میشن کی دنیا ایک ایسے فنکار سے محروم ہوگئی جس نے اپنی آواز کے ذریعے کئی مقبول کارٹون کرداروں کو نئی پہچان دی۔