باکو: (ویب ڈیسک) پاکستان نے آذربائیجان میں جاری فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹونگا کو 1-6 سے شکست دے دی، جسے قومی فٹبال کیلئے اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستانی نوجوان کھلاڑیوں نے میچ کے دوران بہترین کھیل پیش کیا اور حریف ٹیم کے خلاف چھ گول اسکور کرکے اپنی برتری ثابت کی۔ اس کامیابی کے ساتھ قومی ٹیم نے ایونٹ میں اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا۔
اس سے قبل پاکستان نے ایک ہی روز میں مضبوط حریفوں اردن اور نائیجیریا کے خلاف ایک، ایک گول سے میچ برابر کیے تھے، جس کے نتیجے میں قومی ٹیم نے ابتدائی دو پوائنٹس حاصل کیے۔
فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول کا پہلا ایڈیشن 22 سے 31 اکتوبر تک آذربائیجان میں جاری ہے۔ دارالحکومت باکو کے مختلف مقامات، جن میں ہووسان کمپٹیشن کمپلیکس بھی شامل ہے، ٹورنامنٹ کے میچز کی میزبانی کر رہے ہیں۔
ایونٹ میں دنیا بھر کی 189 قومی فٹبال ایسوسی ایشنز شریک ہیں، جبکہ 2011 یا 2012 میں پیدا ہونے والے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔ منتظمین کو توقع ہے کہ اس عالمی فیسٹیول میں 3 ہزار سے زائد کھلاڑی، کوچز اور آفیشلز شرکت کریں گے۔
ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کو کارکردگی کی بنیاد پر چھ مختلف درجوں میں تقسیم کیا گیا ہے، جبکہ ٹئیر اے میں سرفہرست رہنے والی ٹیم کو چیمپئن قرار دیا جائے گا۔
پاکستان پہلی مرتبہ فیفا کے اس عالمی ایونٹ میں شرکت کر رہا ہے۔ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ احسان اللہ خان نے دورے کیلئے 14 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا، جبکہ پاکستانی کھلاڑیوں نے تین روز کے دوران کوالیفکیشن مرحلے کے پانچ میچز کھیلے۔
ٹونگا کے خلاف کامیابی سے پاکستانی نوجوان فٹبالرز کو عالمی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے کا ایک اہم موقع ملا ہے، جبکہ اس ایونٹ میں شرکت سے قومی فٹبال کے نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی تجربہ حاصل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
[…] نے کہا کہ 2005 کے زلزلے کے بعد ترکیہ پاکستان کی مدد کرنے والے اولین ممالک میں شامل تھا۔ اسی طرح 2010 […]