نئی دہلی: بالی ووڈ کی معروف فلم ’کانٹے‘ کے ہدایت کار سنجے گپتا انتقال کرگئے، ان کی موت کی خبر سامنے آنے پر فلمی حلقوں میں افسوس کی لہر دوڑ گئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنجے گپتا آج صبح باتھ روم میں گرنے کے باعث جان کی بازی ہار گئے، تاہم ان کی موت سے متعلق مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔
سنجے گپتا کا شمار بالی ووڈ کے معروف فلم سازوں میں ہوتا تھا۔ انہوں نے اداکار سنجے دت کے ساتھ متعدد فلموں میں کام کیا، جن میں 2002ء کی فلم ’کانٹے‘، 2004ء کی ’مسافر‘، 2006ء کی ’زندہ‘ اور 2007ء کی ’شوٹ آؤٹ ایٹ لوکھنڈ والا‘ نمایاں ہیں۔
فلم ’شوٹ آؤٹ ایٹ لوکھنڈ والا‘ کی ہدایت کاری کے علاوہ انہوں نے اس کی پروڈکشن اور شریک مصنف کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ یہ فلم 1991ء میں ممبئی کے علاقے لوکھنڈ والا کمپلیکس میں ہونے والے پولیس مقابلے کے حقیقی واقعے پر مبنی تھی۔
انہوں نے 2013ء میں فلم ’شوٹ آؤٹ ایٹ واڈالا‘ کی ہدایت کاری بھی کی، جو حقیقی واقعات سے متاثرہ کرائم ڈرامہ تھی۔
ان کی دیگر قابل ذکر فلموں میں ’جذبہ‘ (2015ء) شامل ہے، جس میں ایشوریا رائے بچن نے مرکزی کردار ادا کیا، جبکہ 2017ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’قابل‘ میں ہریتھک روشن اور یامی گوتم نے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔