عرضِ تمنامحمد دلاور چودھری dilawarch25@gmail.com
سیاسی نظریات ہوں یا اور حربے، اکثر نقلی پر اصلی کا روغن اس طرح چڑھایا جاتا رہا ہے کہ اصلی بھی نقل بمطابق اصل دکھائی دینے لگتا ہے۔ لوگ خواب دیکھتے ہوئے دیوانہ وار نقلی کی طرف لپکتے ہیں۔ پھولوں کے ہار چڑھا کر استقبال کیا جاتا ہے، بہت سی جانیں بھی صدقے واری کر دی جاتی ہیں لیکن پھر ”لائی بے قدراں نال یاری تے ٹٹ گئی تڑک کرکے“ کی طرح خربوزہ پھیکا نکل آتا ہے، بے یقینی بڑھ جاتی ہے۔
امریکی دانشور فوکویاما کو ہی لیں …. سوویت یونین کے خاتمے کے بعد ”اب مغربی جمہوریت ہی کا سکہ چلے گا“ کا راگ الاپتے ہوئے ”تاریخ کا خاتمہ“ نامی کتاب لکھ ڈالی، بھاری بھاری دلائل دے ڈالے لیکن وقت گزرتے جیسے ہی مغربی جمہوریت کے پہاڑ کے نیچے سے عام انسانوں کیلئے مرا ہوا چوہا تک برآمد نہ ہوا تو لگے اپنی صفائیاں پیش کرنے اور اپنی آپ بیتی ”In the realm of last man“ میں اس فلمی ہیرو کی طرح جسے ساری فلم میں غلطی سے بڑا کردار سمجھا جاتا ہے اور آخر میں معلوم ہوتا ہے کہ وہی تو تھا جس کی وجہ سے سب کی زندگیوں کے چراغ روشن تھے، بتانے لگے ہیں کہ در حقیقت ان کی لگ بھگ چار دہائیاں قبل لکھی گئی کتاب کو صحیح پیرائے میں سمجھا ہی نہیں گیا اور فلاں فلاں پیرا گراف تو بالکل اسی طرح نظر انداز کر دیا گیا جس طرح پرانی فلموں میں ہیروئن کا امیر باپ غریب ہیرو کو کر دیا کرتا تھا۔
ان کے موجودہ دلائل سن کر فیض یاد آگئے جنہیں پنڈی سازش کیس میں پکڑ لیا گیا اور پھر جب قید و بند کی صعوبتیں ان کی باعزت رہائی کے ساتھ ختم ہوئیں تو کسی نے پوچھا ”جناب ہوا کیا تھا“ اس پر انہوں نے شعر کہہ دیا تھا جس کا مفہوم یہ ہے کہ سارے افسانے میں جس بات کا ذکر تک نہیں تھا وہی بات انہیں سب سے زیادہ بری لگی ہے۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ فیض کی طرح فوکویاما بھی بے قصور ہیں، البتہ یہ سبق ضرور ملتا ہے کہ جب کبھی موافق ہوا میسر آتی ہے تو اس دور میں بھی حد سے زیادہ اونچا اڑنے کی ضرورت نہیں ہوتی ورنہ پھر تلافی کیلئے بڑے قدیم مزاروں پر حاضریاں دینا پڑتی ہیں۔
چاہئے تو یہ تھا کہ وہ پی ٹی وی کے ایک پرانے ڈرامے کے کردار کی طرح اتنا تو اعتراف کر لیتے جو کہا کرتا تھا کہ ”ہارے تو ہمارے نظریات ہارے، ہم تو نہیں ہارے“۔
”مغربی جمہوری تماشا“ ہو یا مل بانٹ کر رہنے کے سوشلسٹ ”ترانے“…. ایک عرصہ سے اعدادوشمار بتا رہے ہیں کہ اس دنیا میں امیر بہت امیر اور غریب انتہائی غریب ہوتے چلے جارہے ہیں اور ”نو کنٹری فار اولڈ مین“ جیسی مشہور فلم کی طرح پوری دنیا ”نو کنٹری فار غریب“ بنتی چلی جارہی ہے۔
دنیا میں مڈھ قدیم سے اکثر عام لوگوں کو اہلِ اقتدار کی طرف سے پہلے بہلایا، پھر پھسلایا اور اس کے بعد ابدی نیند سلایا جاتا رہا ہے۔ سچ ہے شیشوں کا مسیحا کوئی نہیں ہوا کرتا۔
ذرا تاریخ کے چند واقعات پر نظر ڈالیں …. پورے فرانسیسی انقلاب کی بنیاد ہی یہ جملہ تھا کہ ملکہ میری نے کہا ہے کہ ”لوگوں کو روٹی میسر نہیں تو پریشان کیوں ہوتے ہیں کیک کھا لیا کریں“ (اصل میں یہ کیک نہیں ایک خاص قسم کی مہنگی روٹی کے بارے میں تھا) لیکن حقیقت یہ ہے کہ جب فرانسیسی فلسفی روسو نے یہ جملہ ایک فرضی شہزادی کے بارے میں لکھا تھا کہ وہ کہتی ہے کہ روٹی میسر نہیں تو ”کیک“ کھا لیا کریں، اس وقت ملکہ میری فرانس کے حالات سے بے خبر اپنے آبائی ملک آسٹریا میں لڑکپن اور بے فکری کے دن ہنسی خوشی گزار رہی تھی اور فرانس کے سیاسی حالات سے اسی طرح اصل میں بے خبر تھی جس طرح ہماری اشرافیہ غریب کی حالت پر نقل میں ”بے خبر“ بن جایا کرتی ہے۔
اسی طرح بڑی دیر تک امریکہ کی کئی ریاستوں کی نصابی کتب کے ذریعے کرسٹوفر کولمبس کو ایک عظیم ہیرو کے طور پر پڑھایا جاتا رہا لیکن پھر ہاورڈ زن اٹھے اور انہوں نے ”A People’s History of the United States“ لکھ کر بتایا کہ ارے بھائیو ….! کولمبس کوئی ہیرو نہیں بلکہ بھیانک قسم کا ولن تھا، جس نے لاکھوں بے گناہ قتل کر ڈالے اور لاکھوں کو ہی سچ مچ کی زنجیریں پہنا کر غلام بنا ڈالا۔ وہ انہیں صرف زندہ رہنے کیلئے ایک وقت کی ہی روٹی دیا کرتا تھا تاکہ یہ ”خاندان غلاماں“ فقط آنکھیں کھلی رکھ کر ہاتھ پاؤں چلا سکے اور اس کیلئے سونے کے ذرات تلاش کرتا رہے۔
چلتے چلتے قلمی نام ”اوٹو انگلش“ سے لکھنے والے برطانوی صحافی اینڈریو سکاٹ کی کتاب ”Fake History“ پر بھی نظر ڈال لیں جو کہتے ہیں ابراہام لنکن کے حوالے سے پاکئی داماں کی حکایت کو اتنا بھی نہ بڑھائیں کہ سچ کی چادر چھوٹی پڑ جائے اور جھوٹ کے پاؤں بے شرمی سے جھانکنے لگیں۔ یعنی یہ کہ لنکن بالکل نہیں سمجھتے تھے کہ ”سب انسان برابر پیدا ہوئے ہیں“، وہ انسان کی نسلی بنیادوں پر تفریق کے قائل تھے۔
چلیں روسی انقلاب کی بات بھی کر لیتے ہیں، کئی اشتراکی دانشوروں کی رائے ہے کہ اس انقلاب کے ذریعے غریبوں اور عام آدمیوں کو برابری کے بہت سے خواب دکھائے گئے بلکہ ”کشتوں کے پشتے“ لگا دیئے گئے لیکن لینن کے بیمار پڑتے ہی انقلاب میں کم عملی کردار ادا کرنے والے سٹالن نے لینن کے نائب ٹراٹسکی کو مکھن سے بال کی طرح نکال باہر کیا، بڑے طمطراق سے اس کی معاشی اصلاحات پر پہلے تنقید کی اور بعد میں انہیں اچھا جان کر نافذ کر کے نام کمایا اور دوسری طرف عام لوگوں کو بنیادی حقوق دلانے کے دعوے کرنے والے ٹراٹسکی کو خود میکسیکو میں پناہ لیکر کتاب ”Revolution Betrayed“ (انقلاب کا دھوکہ) لکھنا پڑ گئی۔
آج کی دنیا میں بھی فوکویاما کی مغربی جمہوریت کے بے معنی نعروں یا روس کے انقلاب جیسے زیادہ تر غیر حقیقی دلاسوں کی طرح انسان کو بنیادی حقوق دلانے والے سیاسی اور معاشی نظریات بری طرح دم توڑ رہے ہیں۔ مارکیس نے کہا تھا کہ صرف ایک چیز ہی مستقل ہوا کرتی ہے اور وہ تبدیلی ہے لیکن محسوس ہو رہا ہے کہ دنیا پر بے چینی، مایوسی اور بے یقینی کا بادل نہ صرف مستقل طور پر ٹھہر گیا ہے بلکہ گہرے سے گہرا ہوتا چلا جا رہا ہے۔ مشرق ہو یا مغرب ہر طرف بے چینی اور بے یقینی کا ”راج“ ہے۔ کہیں لوگ خطِ غربت سے یوں نیچے گرتے چلے جا رہے ہیں جیسے کسی بلند مینار یا پہاڑ سے کوئی بے جان چیز گرا کرتی ہے تو کہیں بڑھتی قیمتیں، سکڑتے وسائل مغربی ملکوں کی بھاری جیبوں پر بھی بھاری پڑ رہے ہیں اور عوام کو احتجاج، توڑ پھوڑ پر مجبور کر رہے ہیں۔ خود مغربی جمہوریت کے بہت بڑے مرکز یعنی امریکہ میں بھی سیاسی ہلچل ہے، مختصر عرصے میں کبھی ٹرمپ جیت رہے ہیں تو کبھی مات کھا رہے ہیں۔
دنیا کے بے چین نظارے دیکھ کر کتاب ”خامہ بگوش“ میں درج ایک واقعہ یاد آ گیا، آپ بھی سن لیں …. ایک مشاعرے میں شاعر نے اپنا کلام سنایا۔ سامعین میں سے ایک دل گرفتہ (شاید دنیا بھر کے تمام مظلوموں کا نمائندہ ہوگا) رونے لگا۔ شاعر نے اس سے کہا ”کیا آپ میری شاعری سے دلبرداشتہ ہو گئے ہیں!“ اس پر اس شخص نے جواب دیا کہ ”آپ کی شاعری سے نہیں، میں زندگی سے بد دل ہو گیا ہوں کہ کیسا کیسا کلام سننا پڑ رہا ہے۔“
دنیا کے عددی شہنشاہ اور اختیاراتی فقیر یعنی عام آدمی کو زندگی کی صبح سے شام کرنے کیلئے اکثر شروع سے کچھ ایسا ہی ”کلام“ سننا پڑ رہا ہے۔ اسے ہر روز بتایا جاتا ہے کہ ”جو کچھ تمہارے ساتھ ہو رہا ہے وہ تو ہونا ہی ہے کیونکہ ہمیں تمہاری فکر کھائی جا رہی ہے، دیکھو ہم اس فکر میں کھل کر موٹے ہوتے چلے جا رہے ہیں لیکن یہ سب کچھ تمہارے لئے ہو رہا ہے اور جب تک ہمارا بس چلے گا یہ ہوتا ہی رہے گا۔“
آئیے فیض احمد فیض کی پنجابی نظم ”ربا سچیا“ سے کچھ اشعار سنتے ہیں:
ایویں وچ ہڈاں کھیلے جاں میری جیوں پھاہے چہ گونج کر لاندی اے چنگا شاہ بنایا ای رب سائیں پولے کھاندیاں وار نہ آندی اے مینوں شاہی نہیں چاہی دی رب میرے میں تے عزت دا ٹکر منگنا ہاں