پشاور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا حکومت نے پشاور کے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے اس کا سابقہ نام ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا، اس حوالے سے محکمہ کھیل کو ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کیا جا رہا ہے اور کسی سیاسی جماعت کی شخصیت کے نام پر اسٹیڈیم منسوب نہیں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے گزشتہ دور حکومت میں پشاور کے ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم رکھا گیا تھا، جس کی صوبائی کابینہ نے بھی منظوری دی تھی۔
ذرائع کے مطابق موجودہ حکومت نے اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور امکان ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے قبل نام کی تبدیلی کا عمل مکمل کر لیا جائے گا، تاہم نئے نام کے حوالے سے تاحال حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ ارباب نیاز کا اس صوبے سے تعلق تھا اور کھیلوں کے فروغ کے لیے ان کی خدمات بھی موجود ہیں، تاہم اسٹیڈیم کو پیپلزپارٹی کی کسی شخصیت کے نام سے بھی منسوب نہیں کیا جائے گا۔