Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ ملی سائرس رشتہ ازدواج میں منسلک، میکس مورانڈو سے نجی تقریب میں شادی

سان فرانسسکو: (ویب ڈیسک) گریمی ایوارڈ یافتہ امریکی پاپ گلوکارہ ملی سائرس نے اپنے دیرینہ ساتھی اور میوزک بینڈ لیلی کے ڈرمر میکس مورانڈو کے ساتھ شادی کرلی، دونوں کی شادی کی تقریب کیلیفورنیا میں انتہائی نجی انداز میں منعقد ہوئی۔

گلوکارہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر شادی کی بلیک اینڈ وائٹ تصاویر شیئر کیں، جن کے ساتھ ’’M + M‘‘ اور شادی کی تاریخ ’’21.11.26‘‘ درج تھی۔

شادی کے موقع پر ملی سائرس سفید رنگ کے بیک لیس سلک گاؤن میں دکھائی دیں، جبکہ ان کے 28 سالہ شوہر میکس مورانڈو نے سیاہ روایتی سوٹ اور سفید شرٹ کا انتخاب کیا۔

ملی سائرس اور میکس مورانڈو گزشتہ تقریباً پانچ سال سے ایک دوسرے کے ساتھ ہیں۔ گلوکارہ نے 2023 میں برطانوی جریدے ووگ کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا تھا کہ دونوں کی پہلی ملاقات 2021 میں ایک بلائنڈ ڈیٹ کے ذریعے ہوئی تھی۔

انہوں نے دلچسپ انداز میں بتایا تھا کہ یہ ملاقات ان کے لیے بلائنڈ ڈیٹ تھی، تاہم میکس مورانڈو پہلے سے اس ملاقات کے بارے میں جانتے تھے۔ گلوکارہ کے بقول انہیں خدشہ تھا کہ ملاقات اچھی نہ رہی تو وہ درمیان میں ہی واپس چلی جائیں گی۔

شادی سے تقریباً ایک ماہ قبل دونوں نے ہالی ووڈ بول میں ایک ساتھ گانا ’’لیٹس گیٹ میریڈ‘‘ بھی پیش کیا تھا، جو ملی سائرس کے تازہ اسٹوڈیو البم ’’سمتھ لائک دیٹ‘‘ میں شامل ہے۔

میکس مورانڈو لاس اینجلس کے راک بینڈ لیلی کے ڈرمر ہیں، جبکہ ملی سائرس اس سے قبل آسٹریلوی اداکار لیام ہیمس ورتھ کے ساتھ بھی ازدواجی زندگی گزار چکی ہیں۔ دونوں کی شادی زیادہ عرصہ برقرار نہ رہ سکی اور 2019 میں طلاق کے لیے درخواست دائر کی گئی تھی۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More