Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

نظام ری سیٹ کرنے کی ضرورت؟

عرض تمنا

محمد دلاور چودھری

dilawarch25@gmail.com

آج کل نظام ” ری سیٹ کرنے کی بحث زوروں پر ہے۔ کوئی دبے لفظوں میں تو کوئی بانگ دہل رائے دے رہا ہے۔ ہر کوئی مان رہا ہے کہ نظام میں کوئی ایسی بہت سی تبدیلیوں کی ضرورت ہے لیکن یہ نہیں بتا رہا کہ نظام خراب کیسے ہوا؟ کہتے ہیں جب تک برائی کی جڑ تلاش نہ کی جائے اسے اُکھاڑ پھینکنا مشکل ہوا کرتا ہے۔ اس بار سسٹم کو ذرا ٹھوک بجا کر ہی ری سیٹ کرنے کی ضرورت ہے۔ نیم پختہ کوشش سے سسٹم کے ری سیٹ ہونے کی بجائے ”فری سیٹ“ کے امکانات زیادہ ہیں۔

وطن عزیز کی عرصہ سے جو صورتحال بنی ہوئی ہے وہ دیکھ کر فیض بہت یاد آ رہے ہیں جو کہہ گئے ہیں کہ صبر کا پودا تو نہ پھولا نہ پھلا ہے ۔ عام آدمی نے کئی بار چراغ بجھا کر دیکھا ہے، اپنے ویرانوں کے اچھے اچھے نام بھی رکھے ہیں اور ایک سے بڑھ کر ایک عالیشان خواب بھی آنکھوں میں سجائے ہیں لیکن کوئی افاقہ نہیں ہوا۔ ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ہم نے علامہ اقبال کی تلقین پر کوئی توجہ دینے کی زحمت نہیں کی ، وہ یہ کہ کاخ (محل) امرا کے درو دیوار ہلا دو۔ لیکن کاخ امرا کے درودیوار تو کیا ملنے ہلانے تھے، الٹا وقت کے ساتھ یہ درو دیوار اتنے مضبوط ہو چکے ہیں کہ ان کے قریب سے گزرتے ہوئے بھی سر پر نیوٹن کے سیب کی طرح کوئی اینٹ، پتھر گرنے کا خدشہ لاحق رہتا ہے۔ پھر ان ” کا خوں میں آرام دہ زندگی بسر کرنے والے دن دو گئے، رات چوگئے امیر ہوتے چلے جا رہے ہیں اور میر کے ساتھ خوار ہونے کیلئے اکثریت میں ہونے کے باوجود عوام ہی رہ گئے ہیں جن کے غم ان کی آبادی کی طرح بے قابو اور وسائل خوشیوں کی مانند سکڑتے چلے جا رہے ہیں ۔

کینیڈین سائیکالوجسٹ سٹیون پنکر امید دلاتے ہیں کہ گزرتے وقت کے ساتھ حالات بہتر سے بہتر ہوتے چلے جارہے ہیں ۔ وہ اپنی مشہور کتاب “The Better Angels of Our Nature” میں لکھتے ہیں کہ جس رفتار سے انسان مہذب ہوا۔ ہوتا چلا رہا ہے ممکن ہے جلد ہی وہ اپنی خود غرضیوں کے کاخ“ کے درودیوار خود ہی ہلا کر بلکہ زمین بوس کر کے دوسرے لوگوں کے ساتھ گھل مل جائے شجر سے پیوستہ رہ کہ امید بہار رکھنا ضروری ہوا کرتا ہے لیکن دنیا اور وطن عزیز کے حالات دیکھ کر تو سٹیون پنکر کی یہ خواہش فوری پوری ہوتی دکھائی نہیں دیتی۔

جہاں تک صوبوں کی بات ہے تو وہ تو بہت سے بھی تھوڑا پہلے ہی انتظامی طور پر تقسیم ہو جانے چاہئیں تھے۔ تاریخ اٹھا کر دیکھ لیں کسی بھی صوبے کی سرحد میں کبھی ایک جیسی نہیں رہیں، ان میں بہت بڑی کمی بیشی ہوتی رہی ہے۔ اس لئے یہ کہنا کہ فلاں صوبہ ایسے ہی یا ویسے ہی رہے گا کیونکہ جغرافیہ ایسے ہی تھا، تاریخ کی نفی ہے۔ بات ہو رہی تھی کہ نئے انتظامی یونٹ پہلے ہی بن جانے چاہئیں تھے اور صوبوں کو تقسیم ہو کر ضرب” کھا لینی چاہئے تھی لیکن ہمارے ہاں چونکہ کوئی کام بھی وقت پر نہیں ہوتا بلکہ اکثر ” بے وقت کرنا پڑتا ہے اس لئے یہ بھی نہ ہو سکا۔ چنانچہ اب کہیں آنکھیں دکھانے تو نہیں پیار جتانے کے مفروضے جنم لے رہے ہیں۔ بچپن میں اُردو کی کسی نصابی کتاب میں نظر زیدی کی ایک نظم پڑھی تھی جس کا عنوان ” ساری دنیا اپنا گھر ہے مل کر اسے سجاؤ“ تھا۔ کبھی کچھ باتیں، کچھ نظمیں اور کچھ کہانیاں ایسی بھی ہوا کرتی ہیں جو ہوتی تو بچوں کیلئے ہیں لیکن ان سے سبق بڑوں کو سیکھنا پڑ جایا کرتا ہے۔ اس نظم میں دنیا کی جگہ ” وطن“ شامل کر کے دیکھتے ہیں، نظام اس طریقے سے بھی ” ری سیٹ“ ہو جائے گا۔

“وطن” اپنا گھر ہے مل کر اسے سجاؤ

آپا دھاپی چھوڑ کے بچے پیار کے دیے جلاؤ

کیسا غصہ، کیسی خفگی، کیسی مارکٹائی

جو پہنتے ہیں ان باتوں میں وہ شیطان کے بھائی

اچھی اچھی باتیں سیکھیں، سچائی کو مانیں

جو اچھے ہیں اس دنیا میں اُن کو اپنا جانیں

سندھ کی تقسیم کی مخالفت کے حوالے سے پیپلز پارٹی پوری طرح ” میدان میں ہے اور فی الحال تمام مصالحتی کوششیں کامیاب ہوتی دکھائی نہیں دے رہیں۔ ایک طرف بات آگے بڑھائی جاتی ہے تو دوسری طرف صوبائی اسمبلی سے نامنظور کی قرارداد پاس ہو جاتی ہے۔ ملاقاتوں کا کوئی دوسرا سلسلہ شروع ہوتا ہے تو تقسیم پر خون بہنے کے تذکرے ہونے لگتے ہیں۔ ان حالات میں بہت سے عناصر اپنا سیاسی سارا وزن پیپلز پارٹی کی اوٹ میں چھپانے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ مسلم لیگ ن کا پیپلز پارٹی کی طرح بحیثیت سیاسی جماعت کوئی موقف سامنے نہیں آیا لیکن انفرادی طور پر بہت سے ہیوی ویٹ ، جن میں خواجہ آصف اور احسن اقبال شامل ہیں، اس کے حامی ہیں۔ کچھ لوگ یہ کہہ کر بات ٹالنے کی کوشش میں ہیں کہ جو عوام کا فیصلہ وہی ان کا فیصلہ ….!

اس سارے عمل میں اہم سیاسی کردار پی ٹی آئی کا بھی نظر آ رہا ہے۔ خواجہ آصف نے تو انہیں یہ مشورہ“ تک دے دیا ہے کہ نئے نظام کا حصہ بن کر وہ سب سمیٹ لو جس کی گزشتہ چار برس سے آرزو کر رہے ہو ۔ معلوم نہیں یہ مشورہ حقیقی ہے یا کوئی ایسی چال جس سے یہ بتانا مقصود ہو کہ پی ٹی آئی کو بھی کچھ لینے کیلئے کچھ دینا پڑے گا اور عوام یہ جان لیں کہ وہ ایسا ” کوچہ رقیب میں سر کے بل” جائے بغیر حاصل نہیں کر سکے گی۔ بعض سیاسی بزرجمہر نظام ری سیٹ کرنے کے معاملے کو سیاسی منظر نامہ کی تبدیلی بھی قرار دے رہے ہیں ، یعنی زیادہ تر وہی چہرے، وہی بہت کچھ ایک ری سیٹ شدہ نظام“ اور بس ….

جو سوال بہت کم ہو رہے ہیں وہ یہ کہ نظام ”ری سیٹ ہو کر کیسا ہو جائے گا؟ اس بار کیا ٹھوس اقدامات ہوں گے جو ملکی صورتحال کو صحیح معنوں میں بہتری کی طرف گامزن کر دیں گے؟ سوال تو یہ بھی بنتا ہے کہ آزادی کے باوجود جو ابھی تک ہم ہر شعبہ زندگی پر نو آبادیاتی نظام اوڑھے چلے آرہے ہیں کیا وہ بھی بدلے گا؟ اور کیا ” نو آبادیات کے کانٹوں“ سے اٹی راہوں سے سو نئے راستے پھوٹیں گے؟ یا پھر اس بار بھی ” ری سیٹ کے نیچے اصل نظام وہی رہے گا اور شامت صرف ” منگو تانگے والے کی ہی آئے گی؟

ماضی میں نظام ری سیٹ کرنے کی تمام کوششیں ملا نصیر الدین کی جستجو والی ہی رہی ہیں جو گھر میں گم ہونے والی سوئی سٹریٹ لائٹ کی روشنی میں باہر تلاش کرتے رہتے تھے اور ہر پوچھنے والے کو بڑی دانشمندی سے بتایا کرتے تھے کہ گھر میں بہت اندھیرا ہے، میں پاگل ہوں جو سوئی وہاں تلاش کروں۔ وہ جانتے تھے سوئی اصل مقام پر تلاش کرنے کیلئے پورا نظام صحیح معنوں میں ری سیٹ کرنا پڑ جائے گا اور ڈنگ ٹپاؤ کارناموں کیلئے کوئی گنجائش نہیں رہے گی لیکن ایسی مشقت کون کرے۔

نظام کیسے حقیقی طور پر ” ری سیٹ“ ہوگا، یہ جاننے کیلئے مرزا محمد عسکری کا یونانی فلسفی دیوجانس کلبی کے حوالے سے لکھا ایک قصہ سن لیتے ہیں جو کچھ اس طرح ہے کہ سکندر اعظم کی دیو جانس سے پہلی ملاقات ہوئی تو وہ تعظیم کیلئے کھڑا نہ ہوا۔ اس پر سکندر ناراض ہوا اور اس گستاخی کا سبب دریافت کیا تو دیو جانس نے کہا ” تو میرے غلام کا غلام ہے اور مجھ سے تعظیم کی توقع رکھتا ہے؟“ سکندر نے پوچھا وہ کس طرح؟ جواب ملا ” حرص کو میں نے اپنے قابو میں کر لیا ہے اس لئے وہ میری غلام ہے اور اس حرص نے تجھ کو اپنا غلام بنا رکھا ہے۔

ہمارے نظام کے ری سیٹ کا ایک اہم مرحلہ اس وقت طے ہو گا جب اس کے گرد جمی برسوں پرانی حرص کی تہہ کو بڑی بے دردی سے کھرچ دیا جائے گا اور اسے قانونی بالا دستی کے تالاب میں اچھی طرح غسل دے کر نکھارا جائے گا۔ ایسا قانون جو سب کیلئے ایک ہی زبان میں بات کرے گا۔ وسائل کی تقسیم یکساں طور پر اسی طرح کی جائے گی جس طرح صوبے تقسیم کرنے کی بات ہو رہی ہے۔ اور نو آبادیاتی نظام کو بحیرہ عرب میں اسی طرح غرق کر دیا جائے گا جس طرح انگریز اس منحوس سسٹم کو ہمارے خطوں میں ” بارود کی طرح دبا کر چلا گیا تھا۔ یہ سب کرنے سے ہی سٹیٹس کو کے پرزے پرزے ہو کر اس سے اصل ری

سیٹ نظام جنم لے گا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More