Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

عسکری قیادت کی پاکستانی خلائی مشن کی کامیابی پر قوم کو مبارکباد، سپارکو کو خراج تحسین

 راولپنڈی:  پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن کی تاریخی کامیابی پر مسلح افواج کے سربراہان نے پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے قومی فخر اور سائنسی ترقی کا اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ نے تاریخی کامیابی پر قوم کو مبارکباد دی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی پاکستان کے پہلے خلا باز بن گئے ہیں، جو تیانگونگ خلائی اسٹیشن جانے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بھی ہیں۔ یہ کامیابی پاکستان کے انسانی خلائی سفر اور سائنسی و تکنیکی ترقی میں ایک اہم پیش رفت ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق مسلح افواج نے اس تاریخی مشن کی کامیابی میں کردار ادا کرنے پر سپارکو کے سائنسدانوں، انجینئرز اور تکنیکی ماہرین کی محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا ہے۔

آئی ایس پی آر نے خلائی مشن میں تعاون پر چین کی قیادت، حکومت اور عوام کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے پاک چین دوستی کو ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری اور شہد سے میٹھی قرار دیا۔

ترجمان کے مطابق پاک چین دوستی اب زمین کی سرحدوں سے آگے خلا تک پہنچ چکی ہے، جبکہ پاکستان کی اس مشن میں شمولیت ملکی سائنسی صلاحیتوں، تربیت یافتہ افرادی قوت اور تکنیکی استعداد کا ثبوت ہے۔

مسلح افواج نے امید ظاہر کی کہ یہ تاریخی کامیابی نوجوان نسل کو سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت کے میدان میں نئی کامیابیاں حاصل کرنے کی ترغیب دے گی، جبکہ ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کے مشن کی کامیابی اور بحفاظت وطن واپسی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More