لاہور: (ویب ڈیسک) بال ٹیمپرنگ کے لیے سینڈ پیپر استعمال کرنے کا پرانا تنازع ایک بار پھر موضوعِ بحث بن گیا، سابق پاکستانی کپتان محمد حفیظ نے بھی اس معاملے پر خاموشی توڑتے ہوئے ایک بولر کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
محمد حفیظ نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ سینڈ پیپر کے استعمال سے فائدہ حاصل کرنے والا ایک بولر اب اصل حقیقت تسلیم کرنے سے انکار کر رہا ہے، تاہم انہوں نے اپنے بیان میں کسی کھلاڑی کا نام ظاہر نہیں کیا۔
دوسری جانب پاکستان کے سابق مایہ ناز فاسٹ بولر وسیم اکرم نے بھی اس تنازع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تجربہ کار بولرز کو بخوبی اندازہ ہوجاتا ہے کہ گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے یا نہیں۔
اپنے ویڈیو پیغام میں وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ جب ایک تجربہ کار بولر کے ہاتھ میں گیند آتی ہے تو اسے محسوس ہوجاتا ہے کہ گیند کے ساتھ کچھ غیر معمولی ہوا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ سینڈ پیپر اسکینڈل سے متعلق جاری بحث جلد کسی نتیجے پر پہنچ جائے گی۔