ادارہ برائے پائیدار ترقیاتی پالیسی (ایس ڈی پی آئی) کے زیر اہتمام بین الاقوامی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ سوشل میڈیا کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قانون سازی، مؤثر ضوابط اور پالیسی سازی میں انتہائی احتیاط سے کام لینا ہوگا۔
وفاقی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ فیک نیوز گولی کی مانند ہے، جو ایک مرتبہ چل جائے تو واپس نہیں آتی۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں تیزی سے تبدیلیوں کے باعث غلط معلومات کا پھیلاؤ ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے، جس کے تدارک کے لیے اجتماعی رویوں میں تبدیلی بھی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار کی آڑ میں کسی کی عزت، وقار اور ساکھ کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
آزادی اظہار اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے درمیان توازن برقرار رکھنا ضروری ہے۔ آئین کے آرٹیکل 4 اور 19 ہر شخص کو حقوق فراہم کرتے ہیں جبکہ ہر فرد کی نجی زندگی اور وقار کا احترام بھی آئینی تقاضا ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ماضی میں معلومات کی اشاعت کے مختلف مراحل پر چیک اینڈ بیلنس موجود تھے، تاہم سوشل میڈیا نے روایتی ضابطوں کو نئے چیلنجز سے دوچار کر دیا ہے۔ بریکنگ نیوز کی دوڑ میں خبر کی تصدیق اور ذمہ دارانہ صحافت کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔
اپنے ذاتی تجربے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 2021 میں ان کے کاغذات نامزدگی سے متعلق یہ غلط خبر نشر کی گئی کہ ان کے اثاثے 32 ارب روپے ہیں، جس کی اگلے روز وضاحت جاری کرنا پڑی۔
وفاقی وزیر نے شہریوں پر زور دیا کہ کسی بھی خبر کو آگے شیئر کرنے سے پہلے اس کی صداقت ضرور جانچیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل دنیا میں آزادی اظہار کے تحفظ کے ساتھ ذمہ داری اور جواب دہی کا توازن برقرار رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔