Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

بلوچستان میں ڈیجیٹل انقلاب کی جانب اہم قدم، وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کوئٹہ میں پہلے این ٹی سی ڈیٹا سینٹر کا افتتاح کردیا

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ میں این ٹی سی ڈیٹا سینٹر کا افتتاح کردیا، جسے صوبے میں ڈیجیٹل ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں پہلے ڈیٹا سینٹر کا قیام ایک اہم سنگ میل ہے، اس منصوبے کی تکمیل میں وفاقی حکومت اور این ٹی سی کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔

میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ دنیا تیزی سے مصنوعی ذہانت، جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل نظام کی جانب بڑھ رہی ہے، جبکہ حکومت بلوچستان بھی صوبے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بلوچستان میں پہلی مرتبہ میرٹ کے فروغ کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹیسٹنگ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے۔

ان کے مطابق نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے اور بدعنوانی کے خاتمے کے لیے شفاف میرٹ کا نظام بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی نسل نے تختی سے ٹیبلٹ تک کا سفر دیکھا ہے اور ٹیکنالوجی نے مختصر عرصے میں دنیا کو یکسر تبدیل کردیا ہے، اس لیے جدید ڈیجیٹل سہولیات سے استفادہ ناگزیر ہوچکا ہے۔

انہوں نے محکمہ آئی ٹی کو ہدایت کی کہ این ٹی سی اور وفاقی حکومت کے ساتھ قریبی تعاون بڑھاتے ہوئے صوبائی حکومت کے تمام محکموں کا ڈیٹا ڈیجیٹلائز اور محفوظ بنایا جائے۔ انہوں نے سرکاری معلومات اور دفتری رابطوں کی اہمیت کے پیش نظر ڈیٹا کے تحفظ کے لیے اعلیٰ ترین سکیورٹی معیار اپنانے پر بھی زور دیا۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ کوئٹہ میں ڈیٹا سینٹر کی موجودگی بلوچستان کے لیے ایک اہم موقع ہے۔ صوبائی حکومت این ٹی سی سمیت ملک کے دیگر ڈیٹا سینٹرز کے ساتھ بھی ڈیجیٹل تعاون کو وسعت دینے کی خواہاں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل گورننس اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سرکاری اداروں کی استعداد کار اور عوامی خدمات کا معیار بہتر بنایا جا سکتا ہے، اس مقصد کے لیے وفاقی حکومت کے ساتھ تعاون اور ادارہ جاتی اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More