Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

سرفراز بگٹی کا دوٹوک مؤقف، بلوچستان پاکستان کا ناقابلِ تنسیخ حصہ، ملکی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا ناقابلِ تنسیخ حصہ ہے، اسے کوئی الگ نہیں کرسکتا اور پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔ ملکی سالمیت اور قومی یکجہتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

28ویں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ مذہب یا قوم پرستی کے نام پر کی جانے والی دہشت گردی کسی صورت قابل قبول نہیں۔ ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے اور دہشت گردی کی حمایت کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور قانون کا اطلاق بلاامتیاز ہوگا۔

میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ آئین ہر شہری کو پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے، تاہم ریاست کے خلاف مسلح کارروائی ایک الگ معاملہ ہے۔ بلوچستان میں ترقی کے غیر متوازن عمل کو دہشت گردی، تشدد یا علیحدگی پسندی کا جواز نہیں بنایا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے حالات کو سمجھنے کے لیے اس کی تاریخ، سماجی صورتحال اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔ حکومت کی بنیادی ترجیحات میں عام شہری کا معیار زندگی بہتر بنانا، گورننس میں اصلاحات، عوامی مسائل کا حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے غریب محنت کشوں کے بچے بھی آج ایچی سن اور لارنس کالج جیسے بڑے تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ حکومت کا مقصد صوبے کے ہر بچے کو معیاری تعلیم اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بیرون ملک موجود پاکستان مخالف عناصر سوشل میڈیا کے ذریعے بلوچستان کے نوجوانوں کو ریاست مخالف پروپیگنڈے کی طرف راغب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ پروپیگنڈے اور حقائق میں فرق سمجھیں اور اپنے مستقبل کو تعلیم، امن اور ترقی سے وابستہ کریں۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور سرکاری محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اصلاحاتی اقدامات کر رہی ہے۔

بلوچستان کے عوام نے امن اور ترقی کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں جنہیں رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے ورکشاپ کے شرکاء کو صوبے کے ترقیاتی منصوبوں، گورننس اصلاحات اور مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More