صوبائی مشیر برائے ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ خواتین اور بچیوں کے خلاف ہر قسم کے تشدد کا خاتمہ ایک محفوظ اور انصاف پر مبنی معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے، اس مقصد کے حصول کیلئے حکومتی اداروں، سول سوسائٹی اور معاشرے کے تمام طبقات کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ، اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈ، یو این ڈی پی اور ایوا جی الائنس کے اشتراک سے خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کی 16 روزہ عالمی مہم 2026 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے کہا کہ صنفی بنیادوں پر تشدد محض انفرادی یا خاندانی مسئلہ نہیں بلکہ ایک سنگین سماجی چیلنج ہے۔
اس کی روک تھام کیلئے مؤثر قانون سازی، قوانین پر سختی سے عملدرآمد، اداروں کے درمیان رابطے اور عوامی آگاہی کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ تشدد سے متاثرہ خواتین کو خوف اور سماجی دباؤ کا شکار کرنے کے بجائے انہیں تحفظ، قانونی معاونت اور انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ متاثرین کی عزت نفس اور رازداری برقرار رکھتے ہوئے نفسیاتی رہنمائی اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کرنا بھی ریاستی ذمہ داری ہے۔
صوبائی مشیر کا کہنا تھا کہ تشدد میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق جوابدہ بنانا ضروری ہے تاکہ معاشرے میں عدم برداشت اور تشدد کے رجحانات کی حوصلہ شکنی کی جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ 16 روزہ عالمی مہم صرف آگاہی تک محدود نہیں بلکہ خواتین اور بچیوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے اجتماعی عزم کا اظہار ہے۔ معاشرے میں یہ پیغام عام کرنا ہوگا کہ خواتین کے خلاف کسی بھی قسم کا تشدد ناقابل قبول ہے اور متاثرین کو بلا خوف انصاف کے حصول کا موقع ملنا چاہیے۔ڈاکٹر ربابہ