گوادر: ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطحی انتظامی وفد گوادر پہنچ گیا، سات اہم محکموں کے سیکریٹریز دورے میں شامل
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر اعلیٰ سطحی انتظامی وفد گوادر پہنچ گیا، جہاں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور اور دیگر ضلعی حکام نے وفد کا استقبال کیا۔
وفد میں کمشنر مکران ڈویژن ڈاکٹر طفیل احمد بلوچ اور اسپیشل سیکریٹری صحت شیہک شہداد بلوچ بھی شامل ہیں، جبکہ ایڈیشنل چیف سیکریٹری ترقیات سمیت صحت، تعلیم، زراعت، آبپاشی، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور مواصلات و تعمیرات کے انتظامی سیکریٹریز بھی دورے کا حصہ ہیں۔
دورے کے دوران تمام محکموں کے سیکریٹریز اپنے اپنے شعبوں سے متعلق عوامی مسائل، بنیادی سہولیات کی دستیابی اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا زمینی حقائق کی روشنی میں جائزہ لیں گے۔
اعلیٰ سطحی وفد جنوبی بلوچستان کے مختلف اضلاع کو درپیش مسائل اور ترقیاتی ضروریات پر جامع رپورٹ بھی مرتب کرے گا، جس میں عوامی مشکلات کے حل اور بنیادی سہولیات کی بہتری سے متعلق تجاویز شامل ہوں گی۔
دورے کا بنیادی مقصد ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار تیز کرنا، عوامی مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کیلئے مؤثر حکمت عملی مرتب کرنا ہے۔