Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

لاہور کے بچوں کی گائیکی نے نارویجن موسیقار کو جھومنے پر مجبور کردیا، ویڈیو کروڑوں افراد نے دیکھ لی

 لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور کی سرتال اکیڈمی کے بچوں نے اپنی خوبصورت گائیکی سے ناروے کے معروف موسیقار ولیم گیمبورگ کو بھی جھومنے پر مجبور کردیا، بچوں کی شاندار پرفارمنس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

نارویجن موسیقار ولیم گیمبورگ نے بچوں کی گائیکی کی ویڈیو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی، جسے دیکھتے ہی دیکھتے دنیا بھر میں مقبولیت حاصل ہوگئی۔ رپورٹ کے مطابق صرف دو روز میں ویڈیو کو تقریباً ساڑھے 8 کروڑ مرتبہ دیکھا گیا، جبکہ 90 لاکھ سے زائد افراد نے اسے لائیک کیا۔

ویڈیو سوشل میڈیا کے دیگر پلیٹ فارمز پر بھی تیزی سے شیئر کی جا رہی ہے۔ صارفین بچوں کی سریلی آوازوں، پراعتماد انداز اور بہترین پرفارمنس کو سراہ رہے ہیں، جبکہ متعدد افراد نے پاکستانی بچوں کے موسیقی کے فن کو قابلِ تعریف قرار دیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے سرتال اکیڈمی کے بانی ضیا الحق نے بتایا کہ یہ ویڈیو گزشتہ ہفتے ریکارڈ کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی اکیڈمی کے بچوں کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں انہوں نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ایک تقریب میں پرفارم کیا تھا۔

واضح رہے کہ ولیم گیمبورگ نارویجن ہپ ہاپ بینڈ کوئیک اسٹائل کے رکن ہیں۔ اس بینڈ کی بنیاد 2006 میں پاکستانی نژاد بھائیوں سلیمان ملک اور بلال ملک نے اپنے نارویجن نژاد تھائی دوست ناصر سری خان کے ساتھ مل کر رکھی تھی۔

کوئیک اسٹائل پاکستان اور بھارت سمیت مختلف ممالک میں مقبول ہے۔ 2022 میں سلیمان ملک کی شادی کے موقع پر بینڈ کے ارکان اور ان کے دوستوں کی پاکستانی اور بالی وڈ گانوں پر رقص کی ویڈیوز بھی عالمی سطح پر وائرل ہوئی تھیں۔

خصوصاً بالی وڈ گانے ’’کالا چشمہ‘‘ پر ان کے رقص کو سوشل میڈیا پر کروڑوں مرتبہ دیکھا گیا، جبکہ شادیوں میں ان کے منفرد ڈانس اسٹائل کو بھی خوب اپنایا گیا۔

لاہور کے بچوں کی حالیہ ویڈیو کی مقبولیت ایک بار پھر اس بات کو اجاگر کرتی ہے کہ موسیقی اور فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اور باصلاحیت نوجوان اپنی پرفارمنس سے دنیا بھر کے لوگوں کے دل جیت سکتے ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
1 تبصرہ
  1. […] لاہور کے علاقوں شفیق آباد، بند روڈ، سمن آباد، شالیمار، باغبانپورہ، سلامت پورہ، داروغہ والا، یتیم خانہ اور مزنگ میں گیس کی فراہمی متاثر ہونے کی شکایات سامنے آئی ہیں، جہاں صارفین کم پریشر اور طویل بندش سے پریشان ہیں۔ […]

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More