خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حادثہ ترکی کے صوبے مانیسا میں ایک شاہراہ کے داخلی مقام کے قریب پیش آیا، جہاں سیاحتی شہر بورسا اور ساحلی شہر ازمیر کے درمیان واقع سڑک پر مسافر بس اور ٹرک آپس میں ٹکرا گئے۔
ترکی کے وزیر داخلہ مصطفیٰ چیفتچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور کارروائیاں شروع کر دیں۔ ان کے مطابق وہ خود بھی صورتِ حال کی نگرانی کر رہے ہیں۔
حادثے کے بعد سامنے آنے والی تصاویر میں مسافر بس سڑک کنارے نصب حفاظتی رکاوٹوں پر چڑھی ہوئی دکھائی دی، جس سے تصادم کی شدت کا اندازہ ہوتا ہے۔
ترک میڈیا کے مطابق حادثے کی تحقیقات کے سلسلے میں بس اور ٹرک دونوں کے ڈرائیوروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ تاہم حکام نے تاحال ڈرائیوروں کی حالت اور حادثے کی اصل وجوہات سے متعلق مزید تفصیلات جاری نہیں کیں