تہران: ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران کی شرائط پوری ہونے پر آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کا تحفظ فوری طور پر بحال کیا جا سکتا ہے، تاہم تہران اپنے قومی مفادات اور عوام کے حقوق کے دفاع سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔
پریس بریفنگ کے دوران اسماعیل بقائی نے معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں نئے سال میں ایران پر مزید حملوں سے متعلق امریکی دھمکیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسی دھمکیوں سے ایرانی عوام کا عزم کمزور ہونے کے بجائے مزید مضبوط ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی حکام تقریباً روزانہ کامیابیوں اور فتوحات کے دعوے کرتے ہیں۔
ترجمان نے واضح کیا کہ ایران اپنے وعدوں پر عمل درآمد کے لیے تیار ہے، تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ دوسرا فریق بھی طے شدہ شرائط کی پابندی کرے۔ انہوں نے کہا کہ تہران اپنے مقاصد اور حقوق سے پوری طرح آگاہ ہے اور ان کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔
اسماعیل بقائی کے مطابق شینزن میں ہونے والی سہ فریقی ملاقات سے قبل اور بعد میں چین اور روس کے ساتھ مسلسل رابطے برقرار رہے ہیں۔
انہوں نے دونوں ممالک کے ساتھ تعلقات کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان رابطوں میں خطے میں امریکی اقدامات اور موجودہ عالمی نظام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
امریکی بحری ناکہ بندی کے معاملے پر بات کرتے ہوئے ایرانی ترجمان نے کہا کہ بین الاقوامی قانون کے آرٹیکل 51 کے تحت ہر ریاست کو اپنے دفاع کے لیے دستیاب ذرائع استعمال کرنے کا حق حاصل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ناکہ بندی سے نمٹنے کے لیے سفارتی اور دفاعی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ عملی حکمت عملی کا فیصلہ ایرانی حکام کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران پر عائد موجودہ پابندیاں ماضی کی پابندیوں سے مختلف ہیں، کیونکہ یہ امریکی اور اسرائیلی فوجی جارحیت کا تسلسل ہیں اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتی ہیں۔
دوسری جانب اسماعیل بقائی نے فرانس سمیت یورپی ممالک کی سپر مارکیٹوں کے ریفریجریٹرز پر سائبر حملوں میں ایران یا پاسدارانِ انقلاب سے منسلک گروہ کے ملوث ہونے کے الزامات بھی مسترد کر دیے۔