Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

قلعہ عبداللہ میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، مسلح جتھوں اور منشیات فروشوں کو ختم کرنے کا فیصلہ

قلعہ عبداللہ: ضلع قلعہ عبداللہ میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے جرائم پیشہ عناصر، مسلح جتھوں اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ ڈی آئی جی ژوب رینج سہیل خالد نے پولیس حکام کو شرپسند عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔

اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر آفس قلعہ عبداللہ میں ڈی آئی جی ژوب رینج سہیل خالد کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنر منور حسین مگسی، ڈی پی او خلیل احمد بگٹی، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور دیگر سیکیورٹی حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ضلع کی مجموعی امن و امان کی صورتحال اور پولیس کی جانب سے جاری آپریشنز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ڈی آئی جی سہیل خالد نے واضح کیا کہ علاقے میں سرگرم جرائم پیشہ نیٹ ورکس، مسلح جتھوں اور منشیات کے کاروبار کے خلاف کارروائیوں میں کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔

انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ قانون شکن عناصر کے خلاف ان کے ٹھکانوں تک پہنچ کر بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور کسی سفارش، دباؤ یا اثر و رسوخ کو خاطر میں نہ لایا جائے۔

ڈی آئی جی نے گشت، اسنیپ چیکنگ اور انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے کی بھی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور ریاستی رٹ کی بحالی پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔

سہیل خالد نے دوٹوک مؤقف اختیار کیا کہ قلعہ عبداللہ میں جرائم پیشہ عناصر، مسلح جتھوں اور منشیات فروشوں کے لیے کوئی گنجائش نہیں، امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں پوری قوت اور تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More