جامعہ کے مرکزی سیمینار ہال میں منعقدہ تقریب کا موضوع ’’تبدیلی کے لیے عوام کو بااختیار بنانا: ماہی گیری اور آبی زراعت میں نوجوانوں اور خواتین کے لیے باعزت روزگار کے مواقع کا فروغ‘‘ تھا۔
اس موقع پر شعبہ زولوجی کی چیئرپرسن میڈم عتیقہ بلوچ نے شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سمندری وسائل کے تحفظ اور ان کے پائیدار استعمال کے لیے تعلیمی شعور اور اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔
مہمان مقرر پی ایچ ڈی اسکالر، میرین بائیولوجسٹ اور ڈپٹی ڈائریکٹر انوائرنمنٹ گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی عبدالرحیم نے پاکستان میں ماہی گیری کی مجموعی صورتحال، بلوچستان کے ساحلی وسائل کی استعداد اور اس شعبے کو درپیش مسائل پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے آبی زراعت کے فروغ اور ماہی گیری کے مؤثر انتظام کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز بلوچستان شاہ فہد نے صوبے میں ماہی گیری کے شعبے کی ترقی، ہیچریوں کے قیام، مچھلی کے بیج کی پیداوار اور محکمانہ اصلاحات کے حوالے سے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔
سیمینار میں طلبہ نے پائیدار ماہی گیری، آبی زراعت، سمندری حیات کے تحفظ اور نوجوانوں و خواتین کے لیے روزگار اور کاروبار کے نئے امکانات پر تحقیقی پریزنٹیشنز بھی پیش کیں۔
تقریب میں کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رحیم بخش مہر، فیکلٹی ممبران، انتظامی افسران اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اختتامی کلمات میں ڈین فیکلٹی آف سائنسز اینڈ انجینئرنگ ڈاکٹر محب اللہ نے سیمینار کے انعقاد کو سراہتے ہوئے ماہی گیری کے شعبے کی پائیدار ترقی کے لیے تحقیق، معیاری تعلیم اور اداروں کے درمیان تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
سیمینار کا بنیادی مقصد گوادر سمیت بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں ماہی گیری کی پائیدار ترقی، ساحلی آبادیوں کے معاشی استحکام اور نوجوانوں و خواتین کے لیے روزگار کے نئے مواقع سے متعلق آگاہی اور تحقیقی شعور کو فروغ دینا تھا۔