اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 232 کے تحت صدرِ مملکت کو ایمرجنسی نافذ کرنے کا اختیار حاصل ہے اور خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کا نفاذ آخری آپشن تھا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت نے ایمرجنسی کے نفاذ سے بچنے اور خیبرپختونخوا کے معاملے کا سیاسی حل تلاش کرنے کی ہر ممکن کوشش کی۔ ان کے مطابق اگر صوبے میں ایمرجنسی نافذ ہوتی ہے تو اس کی ذمہ داری وزیراعلیٰ پر عائد ہوگی۔ انہوں نے وفاقی حکومت کے فیصلے کے حق میں ووٹ دینے کے ارادے کا بھی اظہار کیا۔
بلاول بھٹو کا وفاقی حکومت کے فیصلے کی حمایت کا اعلان، اپوزیشن کو مذاکرات اور دہشتگردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی کی دعوت
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف مؤثر حکمت عملی کیلئے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے پی ٹی آئی کی صوبائی قیادت کو موجودہ حالات کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کو کوئی ایسی وجہ پیش کرنی چاہیے تھی جس سے ایمرجنسی کے اقدام سے بچا جا سکتا۔
بلاول بھٹو نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کیلئے دوبارہ رابطہ کیا جائے اور مسئلے کا درمیانی راستہ نکالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی مجبوری میں نافذ کی گئی ہے، یہ ہمیشہ کیلئے نہیں، جبکہ دہشتگردی کا مقابلہ متحد ہو کر کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے سہولت کاروں کے خلاف بھی کارروائی ضروری ہے اور بھارت پاکستان میں دہشتگردوں کی پشت پناہی کر رہا ہے۔ بلاول بھٹو نے اپوزیشن اور پی ٹی آئی پر زور دیا کہ وہ قومی مفاد میں آگے بڑھیں اور دہشتگردی کے خلاف مشترکہ کوششوں میں حصہ لیں۔