لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے بسنت 2027 کے 10 روزہ انعقاد کے خلاف دائر درخواست مسترد کرتے ہوئے درخواست گزار کو متعلقہ نوٹیفکیشن کے ساتھ دوبارہ عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔
جسٹس شہرام سرور چوہدری نے شہری شاہد اسلام کی درخواست پر سماعت کی۔ دورانِ سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ کیا درخواست گزار کے پاس 2027 میں 10 روزہ بسنت منانے سے متعلق کوئی باضابطہ نوٹیفکیشن موجود ہے؟
عدالت نے ریمارکس دیے کہ متعلقہ نوٹیفکیشن کے بغیر درخواست کی سماعت کیسے کی جاسکتی ہے، جبکہ محض ویب سائٹ پر موجود دستاویزات کی بنیاد پر عدالتی حکم جاری نہیں کیا جاسکتا۔
عدالت نے 10 روزہ بسنت کے انعقاد کو چیلنج کرنے والی درخواست غیر ضروری قرار دے دی، متعلقہ نوٹیفکیشن پیش کرنے کی ہدایت
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ بسنت کے انعقاد کے لیے معیاری طریقہ کار (ایس او پیز) وضع نہیں کیے گئے۔ درخواست میں 2026 کے دوران بسنت کے موقع پر جانی نقصان کا حوالہ دیتے ہوئے 2027 میں بسنت کے انعقاد کا فیصلہ کالعدم قرار دینے اور اس کا دورانیہ 10 روز سے کم کرکے ایک روز کرنے کی استدعا کی گئی۔
عدالت نے متعلقہ نوٹیفکیشن پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست مسترد کردی اور قرار دیا کہ درخواست گزار دستاویزات کے ساتھ دوبارہ درخواست دائر کرسکتا ہے۔