Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

پنجاب کی تمام تحصیلوں میں الیکٹرک بسیں چلانے کا اعلان: وزیراعلیٰ پنجاب

 ساہیوال: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے دور میں داخل ہو رہا ہے، جبکہ خیبرپختونخوا پتھر کے دور میں ہے۔

ساہیوال میں طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو شعور دینے کے دعوے کرنے والوں نے لوگوں کی زندگیاں تباہ کردیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کسی نے ختم نہیں کی بلکہ اس نے خود اپنی حکومت ختم کی۔

پنجاب کی تمام تحصیلوں میں الیکٹرک بسیں چلانے کا اعلان، طلبہ کو لیپ ٹاپ اور نوجوانوں کو سہولتیں فراہم کر رہے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب

 

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ یہ پہلا لانگ مارچ تھا جو اپنی ہی حکومت کے خاتمے پر ختم ہوا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا کبھی ایسا دیکھا گیا ہے کہ ایک صوبہ دوسرے صوبے یا وفاق پر حملہ آور ہوجائے؟ ان کے مطابق خیبرپختونخوا کے عوام اب جانیں گے کہ ترقی کسے کہتے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں 3 ہزار الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی اور ان کا کرایہ 20 روپے برقرار ہے۔ ان کے مطابق تمام تحصیلوں میں الیکٹرک بسوں کی سہولت فراہم کی جائے گی، جبکہ نوجوانوں کو دی جانے والی الیکٹرک اسکوٹیز کی ماہانہ قسط 3 ہزار روپے رکھی گئی ہے تاکہ ان پر مالی بوجھ نہ پڑے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اے آئی لیبارٹریاں قائم کی جا رہی ہیں اور نوجوانوں کو ترقی کے منصوبوں میں شامل کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ بننے کے بعد معلوم ہوا کہ 80 فیصد جامعات میں وائس چانسلر تعینات نہیں تھے، تاہم اب جامعات میں میرٹ پر وائس چانسلر مقرر کیے گئے ہیں۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ وہ سفارش قبول نہیں کرتیں، چاہے سفارش ان کے اپنے گھر سے ہی کیوں نہ آئے۔ ان کے مطابق حکومت کا مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر سہولتیں فراہم کرنا ہے، جبکہ پنجاب میں مریضوں کو ادویات گھر پہنچانے کا انتظام بھی کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ان کا مشن صوبے کے ہر شہری کو بنیادی سہولتیں اس کی دہلیز پر فراہم کرنا ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More