Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

ٹرمپ نے روس پر نئی پابندیوں کا بڑا حصہ معطل کر دیا، ایران کی قیادت ختم ہونے کا دعویٰ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس پر نئی پابندیاں عائد کرنے کے مجوزہ منصوبے کے بڑے حصے کو معطل کر دیا ہے، جبکہ ایران کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی قیادت ختم ہو چکی ہے اور اب بات چیت کے لیے کوئی نہیں بچا۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق روس پر پابندیوں کے منصوبے کو معطل کرنے کا فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ٹرمپ نے روس کے بارے میں نسبتاً نرم رویہ اختیار کیا ہے اور یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی پر بھی کھل کر تنقید کی ہے۔

مجوزہ منصوبے کے تحت امریکا کو روس سے درآمد ہونے والی اشیا، بشمول خام تیل اور گیس، پر 100 فیصد تک محصولات عائد کرنے کا اختیار دیا جانا تھا۔ اس منصوبے کے اہم حامی امریکی سینیٹر لنڈسے گراہم تھے، جن کے انتقال کا ذکر رپورٹ میں کیا گیا ہے۔

 

 امریکی صدر کا روس کے معاملے میں نسبتاً نرم مؤقف، ایران کے ساتھ جنگ جلد ختم ہونے کی پیش گوئی اور آبنائے ہرمز کا نام تبدیل کرنے سے متعلق بھی بیان

 

مجوزہ قانون کے تحت امریکا ان ممالک کے خلاف بھی کارروائی کر سکتا تھا جو قانون کے نفاذ کے 30 دن کے اندر جان بوجھ کر روس سے تیل یا گیس خریدتے، یا روس کو پابندیوں سے بچنے میں مدد دینے والے پانچ بڑے ممالک میں شامل ہوتے۔

یہ پیش رفت ٹرمپ کے اس اعلان کے تقریباً ایک ہفتے بعد سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ عالمی سطح پر توانائی کی قیمتیں کم کرنے کے لیے امریکا نے روس سے ڈیزل خریدنے پر اتفاق کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے ستمبر کے وسط میں روس اور ایران پر پابندیاں عائد کرنے سے متعلق ’لنڈسے گراہم ایکٹ‘ نامی بل پر دستخط بھی کیے تھے۔

دوسری جانب جارجیا میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ ممکن ہے انہوں نے ایرانی رہنماؤں کے معاملے میں ضرورت سے زیادہ سخت رویہ اختیار کیا ہو، کیونکہ اب ان کے بقول بات کرنے کے لیے کوئی باقی نہیں رہا۔

ٹرمپ نے ایک بار پھر پیش گوئی کی کہ ایران کے ساتھ جنگ جلد ختم ہو جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا ایران کے حکام اور رہنماؤں کی تمام باتیں سننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب کے دوران یہ بھی کہا کہ یہ بات خفیہ تھی، تاہم انہوں نے اسے اب ظاہر کر دیا ہے۔

امریکی صدر نے ایران کے ساتھ جاری جنگ کو ایک فوجی مشق بھی قرار دیا۔ خطاب کے ایک اور حصے میں انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر آبنائے ہرمز کا نام تبدیل کرکے ’آبنائے ٹرمپ‘ رکھ دیا جائے تو عرب ممالک کا ردعمل کیا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا کرنا امریکا کے لیے آسان ہوگا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More