Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

خیبر پختونخوا کے متعدد سرکاری اسکولوں کی عمارتیں خستہ حال، کئی کلاس رومز ناقابل استعمال قرار

 پشاور:  سانحہ دیر کالونی کے بعد خیبر پختونخوا میں تعلیمی اداروں کی عمارتوں کی حالت جانچنے کا عمل تیز کر دیا گیا، ابتدائی معائنے میں مختلف اضلاع کے متعدد سرکاری اسکولوں کے کلاس رومز اور عمارتیں خستہ حال پائی گئی ہیں۔

محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا کے مطابق سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز کی بنیاد پر اسکولوں کی عمارتوں کا معائنہ کیا جا رہا ہے، جبکہ مختلف علاقوں سے ابتدائی رپورٹس بھی موصول ہونا شروع ہو گئی ہیں۔

محکمہ تعلیم کی رپورٹ کے مطابق بونیر کے بدال سرکاری اسکول کے 6 میں سے 4 کلاس رومز خستہ حال قرار دیے گئے ہیں، جبکہ چارسدہ کے 3 سرکاری اسکولوں کے 20 میں سے 15 کلاس رومز کی حالت بھی ناقص پائی گئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لوئر دیر میں لڑکوں کے 3 سرکاری اسکولوں کی عمارتیں ناقابل استعمال ہیں، کرک کے بمی بانڈہ سرکاری اسکول کے دونوں کلاس رومز خستہ حال ہیں، جبکہ لکی مروت کے 2 سرکاری اسکولوں کے 5 میں سے 4 کلاس رومز کی حالت خراب ہے۔

اسی طرح مردان کے 2 سرکاری اسکولوں کے 15 میں سے 4 کلاس رومز خستہ حال قرار دیے گئے ہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے 2 سرکاری اسکولوں کے تمام 25 کلاس رومز جبکہ ہری پور میں لڑکیوں کے 3 سرکاری اسکولوں کی عمارتیں بھی مکمل طور پر خستہ حال پائی گئی ہیں۔

محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ سرکاری اسکولوں کی عمارتوں سے متعلق معلومات سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی ویڈیوز سے جمع کی گئی ہیں۔ صوبائی حکومت نے شہریوں سے بھی اپیل کی تھی کہ وہ خستہ حال اسکولوں کی نشاندہی کے لیے ویڈیوز شیئر کریں تاکہ خطرناک عمارتوں کی نشاندہی کرکے ضروری اقدامات کیے جا سکیں۔

واضح رہے کہ تین روز قبل پشاور کے علاقے دیر کالونی میں ایک نجی اسکول کی چھت گرنے سے 32 بچے اور 2 خواتین اساتذہ جاں بحق جبکہ 40 سے زائد بچے زخمی ہو گئے تھے۔ حادثے کے وقت اسکول میں تقریباً 110 بچے موجود تھے، جبکہ واقعے کے بعد اسکول کے مالک کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

سانحے سے متعلق درج ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بچوں نے عمارت کی بوسیدہ دیواروں اور چھتوں کے حوالے سے پہلے ہی خدشات ظاہر کیے تھے اور عمارت گرنے کے خطرے سے آگاہ کیا تھا، تاہم ان کی شکایات پر توجہ نہیں دی گئی۔

پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ یکہ توت کی حدود میں دیر کالونی کے محلہ سعید آباد میں قائم الخیر ایجوکیشن سسٹم میں پیش آیا۔ مقدمے کے مطابق اسکول کی عمارت 16 مرلے کے پلاٹ پر قائم تھی، جبکہ پلاٹ کے مالکان وحید اور جاوید تھے۔

ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ 2024 میں مفتی خان محمد نے دیگر شراکت داروں ریاض، معیز الرحمان اور مولانا امیر حبیب کے ساتھ مل کر اسکول کے لیے پلاٹ لیز پر حاصل کیا تھا، جس پر ٹھیکیدار شاہ زمان کے ذریعے عمارت تعمیر کرائی گئی۔ مقدمے میں تعمیر کے دوران ناقص مٹیریل استعمال کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔

سانحے کے بعد صوبائی حکومت نے نجی اسکولوں کی عمارتوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے صوبے بھر میں حفاظتی معائنے کرانے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے تحت ضلعی سطح پر انکوائری کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔

واقعے نے صوبے میں تعلیمی اداروں کی عمارتوں کی حفاظت اور بچوں کے لیے محفوظ تعلیمی ماحول کی فراہمی سے متعلق اہم سوالات اٹھا دیے ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More