Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

سانحۂ کارساز جمہوریت کی خاطر دی گئی قربانیوں کی لازوال داستان ہے، بلاول بھٹو

 کراچی:   پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سانحۂ کارساز کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 18 اکتوبر پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، جب دہشت گردی کے ذریعے شہید بینظیر بھٹو کو نشانہ بنانے کی بزدلانہ کوشش کی گئی۔

اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو کی وطن واپسی پر ان کے استقبال کے لیے آنے والے جیالوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے اپنی قائد سے وفاداری اور جمہوریت کے ساتھ غیر متزلزل وابستگی کا عملی مظاہرہ کیا۔ ان کی قربانیاں عوام کے حقِ حکمرانی پر یقین کی روشن مثال ہیں۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ سانحۂ کارساز کے شہداء کا لہو اس حقیقت کی گواہی دیتا ہے کہ دہشت گردی، انتہاپسندی اور تشدد جمہوریت کے عزم کو شکست نہیں دے سکتے۔ ان شہداء کی قربانیاں قومی تاریخ کا ناقابلِ فراموش باب ہیں، جنہیں قوم ہمیشہ عقیدت اور احترام سے یاد رکھے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کا مشن آئین کی بالادستی، عوام کی حکمرانی، مساوات اور سماجی انصاف کے اصولوں پر مبنی ایک پُرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر ہے۔

انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے قائدین کے مشن پر ثابت قدمی سے عمل پیرا رہے گی اور جمہوری اداروں کے استحکام، آئین کے تحفظ اور عوام کے بنیادی حقوق کی پاسداری کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے سانحۂ کارساز کے شہداء کے درجات کی بلندی اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہداء کی یاد جمہوریت، استقامت اور قربانی کے عہد کی تجدید کرتی ہے، جبکہ ان کی لازوال قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کی حکمرانی، جمہوری اقدار کے تحفظ اور ایک مضبوط و خوشحال پاکستان کی جدوجہد ہر حال میں جاری رکھی جائے گی۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More