کولمبو: سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں کرکٹ کے ایک نئے اور منفرد فارمیٹ ’ٹیسٹ ٹوئنٹی‘ کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس میں لڑکوں اور لڑکیوں کی الگ الگ اننگز کے باوجود دونوں کا اسکور ٹیم کے مجموعی اسکور میں شامل ہوگا۔
یہ ٹورنامنٹ 14 سے 29 نومبر 2026 تک کولمبو میں کھیلا جائے گا، جس میں 13 سے 21 سال کی عمر کے 160 نوجوان کرکٹرز حصہ لیں گے۔ منتظمین کے مطابق کھلاڑیوں کو چار براعظمی ٹیموں میں تقسیم کیا جائے گا، جن میں ہر ٹیم 20 لڑکوں اور 20 لڑکیوں پر مشتمل ہوگی۔
ٹیسٹ ٹوئنٹی کے قواعد کے تحت لڑکے اپنی صنف کے کھلاڑیوں کے خلاف جبکہ لڑکیاں لڑکیوں کے مدمقابل ہوں گی، تاہم میچ کا نتیجہ دونوں گروپس کے مشترکہ اسکور کی بنیاد پر طے کیا جائے گا۔
ہر میچ 80 اوورز پر مشتمل ہوگا۔ پہلے 40 اوورز دن کے وقت سرخ گیند اور روایتی سفید لباس میں کھیلے جائیں گے، جبکہ بقیہ 40 اوورز فلڈ لائٹس کی روشنی میں سفید گیند اور رنگین لباس کے ساتھ ہوں گے۔
اس منفرد ایونٹ کے مشاورتی بورڈ میں جنوبی افریقا کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز، آسٹریلیا کے سابق ٹیسٹ کرکٹر میتھیو ہیڈن اور ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری کپتان کلائیو لائیڈ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کے بچپن کے کوچ راجکمار شرما عالمی سلیکشن کمیٹی کی سربراہی کریں گے۔
ٹورنامنٹ کے تمام مقابلے کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کلب میں منعقد ہوں گے، جبکہ ایونٹ کا فائنل 29 نومبر 2026 کو شیڈول ہے۔ نئے فارمیٹ کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو ایک منفرد مسابقتی پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے، جہاں لڑکے اور لڑکیاں اپنی الگ اننگز کے ذریعے مشترکہ ٹیم کی کامیابی میں کردار ادا کریں گے۔