نیویارک سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک نے ارب پتی کاروباری شخصیت ایلون مسک پر بنائی گئی دستاویزی فلم ’مسک‘ کی تشہیر کرنے والی ڈسٹری بیوشن کمپنی کا اشتہاری اکاؤنٹ مستقل طور پر معطل کر دیا ہے۔
امریکی جریدے کی رپورٹ کے مطابق ٹک ٹاک نے یہ اقدام سیاسی مواد سے متعلق اپنی پالیسیوں کی بار بار خلاف ورزی کا حوالہ دیتے ہوئے کیا۔ فلم کی تقسیم کار کمپنی کو جمعے کی سہ پہر اکاؤنٹ کی مستقل معطلی سے متعلق آگاہ کیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اکاؤنٹ معطل ہونے کے بعد کمپنی ٹک ٹاک پر اشتہارات خریدنے اور فلم کی تشہیر کے لیے اپنی پوسٹس کی رسائی بڑھانے پر رقم خرچ کرنے کے قابل نہیں رہی۔
تاہم، دستاویزی فلم کے لیے بنایا گیا عام اکاؤنٹ بدستور فعال ہے اور اس پر بغیر معاوضہ مواد شیئر کیا جا سکتا ہے۔ ڈسٹری بیوٹر کمپنی کے ترجمان نے اکاؤنٹ کی معطلی کی تصدیق کرتے ہوئے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ کمپنی نے اس اقدام کے خلاف اپیل بھی دائر کر دی ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دستاویزی فلم کی نمائش شمالی امریکا کے 470 سے زائد سنیما گھروں تک پہنچ چکی ہے۔
آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ساز الیکس گبنی کی ہدایت کاری میں بننے والی دستاویزی فلم ’مسک‘ میں ایلون مسک کی کاروباری سلطنت، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے حصول اور ان کی سیاسی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔
فلم میں امریکی محکمۂ حکومتی کارکردگی (DOGE) کے ساتھ ایلون مسک کی وابستگی اور ان کے کردار پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے۔