دوشنبے: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے ملاقات کی، جس میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے پلیٹ فارم پر علاقائی اقتصادی تعاون، باہمی روابط اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے ایس سی او کے رکن ممالک کے سربراہانِ حکومت کے وفود کے ہمراہ تاجک صدر سے ملاقات میں شرکت کی۔ اس موقع پر امام علی رحمان نے مختلف ممالک سے آئے ہوئے وفود کے سربراہان کا خیرمقدم کیا۔
ملاقات کے دوران رکن ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم بنانے، علاقائی روابط میں بہتری لانے، استحکام کے فروغ اور مشترکہ خوشحالی کے لیے باہمی اشتراک کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
تاجکستان کے وزیراعظم قاہر رسول زادہ کی دعوت پر منعقد ہونے والے اس اجلاس میں چین، روس، بھارت سمیت ایس سی او کے دیگر رکن ممالک کے وزرائے اعظم اور اعلیٰ سطحی وفود شریک ہیں۔
ایران کے سینیئر نائب صدر ڈاکٹر محمد رضا عارف بھی اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔
اجلاس میں رکن ممالک کے درمیان تجارت، معیشت، علاقائی سلامتی اور باہمی دلچسپی کے دیگر معاملات پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
[…] وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت عوامی فلاح و بہبود کو ترجیح دینے اور […]