دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ون ڈے رینکنگ میں پاکستان کے بلے باز سلمان علی آغا اور فاسٹ بولر حارث رؤف نے اپنی پوزیشنز میں بہتری حاصل کر لی، جبکہ سابق کپتان بابر اعظم بلے بازوں کی فہرست میں ساتویں نمبر پر برقرار ہیں۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ نئی رینکنگ کے مطابق بلے بازوں کی فہرست میں سلمان علی آغا ایک درجے ترقی کرتے ہوئے 12ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ دوسری جانب محمد رضوان تین درجے نیچے آنے کے بعد 35ویں، فخر زمان 44ویں اور صائم ایوب آٹھ درجے تنزلی کے بعد 54ویں پوزیشن پر آگئے۔
ون ڈے بولرز کی درجہ بندی میں ابرار احمد دوسری پوزیشن پر برقرار ہیں، جبکہ شاہین شاہ آفریدی کا آٹھواں نمبر بھی برقرار رہا۔
فاسٹ بولر حارث رؤف نے دو درجے ترقی حاصل کرتے ہوئے 21ویں پوزیشن پر جگہ بنائی، جبکہ نسیم شاہ چار درجے بہتری کے بعد 45ویں نمبر پر آگئے۔ پاکستانی بولر عرفات منہاس نے 33 درجے ترقی حاصل کی اور 83ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔
آئی سی سی کی ون ڈے آل راؤنڈرز رینکنگ میں سلمان علی آغا ایک درجہ تنزلی کے بعد 14ویں نمبر پر چلے گئے، جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے دو درجے بہتری کے بعد 17ویں پوزیشن حاصل کر لی۔
تازہ رینکنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی انفرادی پوزیشنز میں اتار چڑھاؤ سامنے آیا ہے، جہاں سلمان علی آغا اور حارث رؤف نے ترقی کی، جبکہ بابر اعظم اور ابرار احمد اپنی سابقہ پوزیشنز برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔