Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

پاکستان اور مالدیپ کا دوطرفہ تجارت 20 کروڑ ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق، 20 مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ

 اسلام آباد: پاکستان اور مالدیپ نے آئندہ دو سال کے دوران دوطرفہ تجارت کا حجم 13 کروڑ ڈالر سے بڑھا کر 20 کروڑ ڈالر تک لے جانے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ مصنوعی ذہانت، دفاع، صحت، تعلیم، سیاحت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے لیے 20 مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف اور مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کی موجودگی میں دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مشترکہ اعلامیے پر دستخط کرنے کے اقدامات کیے گئے۔

پاکستان اور مالدیپ نے انفارمیشن ٹیکنالوجی، سائبر سکیورٹی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان انسدادِ منشیات، سماجی تحفظ، طبی سہولیات اور ادویات کے ضابطہ کار کے حوالے سے بھی تعاون کو فروغ دینے کی مفاہمت ہوئی۔

اس سلسلے میں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان اور مالدیپ فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے درمیان تعاون، جبکہ طبی ماہرین کی بھرتی سے متعلق بھی مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ کیا گیا۔

دفاعی تعاون اور بحری سلامتی کے شعبوں میں اشتراک بڑھانے کے علاوہ زراعت، ماہی گیری اور تجارتی روابط کو مضبوط بنانے پر بھی اتفاق ہوا۔ ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان اور مالدیپ کی اسٹیٹ ٹریڈنگ آرگنائزیشن کے درمیان تجارتی تعاون کی مفاہمت بھی اس کا حصہ ہے۔

تعلیم، فنی تربیت، نوجوانوں کی ترقی اور کھیلوں کے فروغ کے لیے بھی نئے اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان اور مالدیپ کی وزارتِ تعلیم کے درمیان تعاون بڑھانے کے ساتھ دونوں ممالک کے پولیس اداروں اور سول سروس کمیشنز کے مابین اشتراک کو فروغ دینے پر بھی مفاہمت ہوئی۔

اس کے علاوہ سیاحت، ثقافت، فنونِ لطیفہ، تاریخی ورثے کے تحفظ اور فضائی روابط بہتر بنانے کے لیے بھی مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ کیا گیا۔

مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ 11 سال بعد مالدیپ کے کسی صدر کا پاکستان کا دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کے لیے اہم پیشرفت ہے، جبکہ دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات کے 60 سال مکمل ہو چکے ہیں۔

وزیراعظم کے مطابق ملاقات میں اقتصادی تعاون، تجارت، تعلیم اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے پر مثبت اور تعمیری گفتگو ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ مالدیپ کے طلبہ پاکستان کے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہیں، جبکہ پاکستانی ڈاکٹرز اور معاون طبی عملہ مالدیپ میں خدمات انجام دے رہا ہے۔ پاکستان برادر ملک کی مزید ضروریات پوری کرنے کے لیے بھی تعاون پر آمادہ ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مضبوط اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ انہوں نے مفاہمتی یادداشتوں پر مؤثر عمل درآمد اور تجارتی حجم میں اضافے کے لیے مشترکہ کوششیں تیز کرنے پر زور دیا۔

وزیراعظم نے مالدیپ کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی اور کہا کہ مالدیپ میں ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر کے حوالے سے پاکستان کا تعاون مفید ثابت ہو سکتا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت جاری رکھے گا، جبکہ تنازعات کے پُرامن حل پر یقین رکھتا ہے۔

مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اسے کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کے بھارتی فیصلے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی معاہدوں پر عمل درآمد تمام ممالک کی ذمہ داری ہے۔ پاکستان پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے سکتا اور ملکی آبی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنے مؤقف پر قائم ہے۔

مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان چھ دہائیوں پر محیط سفارتی تعلقات باہمی تعاون اور دوستی کی مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔

صدر معیزو کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ملاقات میں دوطرفہ تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے 20 مفاہمتی یادداشتوں کو دونوں ممالک کے تعلقات میں اہم پیشرفت قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ دو سال میں تجارتی حجم 20 کروڑ ڈالر تک پہنچانے کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں گی۔ پاکستان مالدیپ بزنس فورم کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں کو قریب لانے اور تجارتی و اقتصادی شراکت داری کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

صدر مالدیپ نے نوجوانوں کے تبادلے کے پروگرام کو وسعت دینے اور مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور فنی تربیت کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

ڈاکٹر محمد معیزو نے ماحولیاتی تبدیلیوں کو دونوں ممالک کی سلامتی کے لیے ایک اہم خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور باہمی تعاون سے مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے اس امید کا اظہار کیا کہ حالیہ دورے اور طے پانے والی مفاہمتوں سے پاکستان اور مالدیپ کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی روابط کو فروغ ملے گا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
1 تبصرہ
  1. […] اور نامور فنکار خاندان سے ہے۔ ان کی بہن بشریٰ انصاری پاکستان کی صفِ اول کی اداکارہ ہیں، جبکہ ان کی دیگر بہنیں نیلم […]

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More