عرضِ تمنا
محمد دلاور چودھری
ہم بھی عجیب لوگ ہیں اور بعض اوقات تو اتنے عجیب ہو جاتے ہیں کہ بقول جون ایلیا خود کو تباہ تک کر لیتے ہیں لیکن بالکل بھی ملال نہیں ہوتا۔ بڑے شوق سے ادارے بناتے ہیں ‘ان کے چراغ جلاتے اور نظر اتارتے ہیں‘ داد وصول کرتے ہیں پھر وقت کے ساتھ ان کی نگہبانی سے بے نیاز ہو کر انہیں گلنے سڑنے اور ڈوبنے مرنے دیتے ہیں اور آخر میں ان “بیکار” معیشت پر بوجھ اداروں کو اونے پونے بیچ یا بند کر کے ہاتھ جھاڑ کر لائن میں لگے اگلے کسی ادارے کی طرف “کان پر قلم رکھے” چل پڑتے ہیں۔
ہم اداروں کو بنا کر بھی “شاباش” حاصل کرنے کے چکر میں ہوتے ہیں اور پھر جب وہ ڈوبنے “لگتے ہیں تو انہیں بڑی صفائی سے بند کر کے بھی تحسین کے” تمغے سجالیتے ہیں۔ کبھی یہ نہیں سوچتے کہ “موت کے منہ تک” پہنچے ہوئے ان اداروں کو مناسب “دوا دارو” کر کے بچایا بھی جا سکتا تھا اور اگر ہم مناسب “دوا دارو” کرنے کے اہل بھی نہیں تو پھر یہ کیسے ممکن ہو گا کہ گوادر سے فی الوقت ہم جسے “جسم و جاں کا چراغ” کر کسی قدر آگے بڑھ رہے ہیں وہ بھی مستقبل میں ہمارے ہاتھوں اپنا “چال چلن” درست دیکھ پائیں گے؟
پی آئی اے، سٹیل ملز، یوٹیلٹی اسٹورز اور ان جیسے دوسرے کئی اداروں کی طرح کا ہی حال ہم نے جمہوریت کا کر رکھا ہے۔ کسی کام کا نہیں چھوڑا اور اب تو نامرادی کا یہ عالم ہے کہ ان اداروں کی تباہی کا الزام مخالفین پر دھرنے کیلئے ہم کوئی ہوم ورک بھی نہیں کرتے کیونکہ میں نے مانوں اور “پاپولزم” کا دور ہے اس لئے عقل کی زیادہ باتیں سوچنے کی زحمت نہیں کرتے اور لگتے ہیں ایک دوسرے پر گند اچھالنے….
ابھی ہم نے غور کیا ہے کہ ہم گھنٹوں میڈیا پلیٹ فارمز پر باتیں کرتے ہیں لیکن جب نہیں تولتے ہیں تو اصل کام کے جملے “ایک قطرہٴ خون” ہی ثابت ہوتے ہیں باقی سب “ٹوٹو میں میں” ہوتا ہے۔
ہمارے سیاسی اہل قلم جب گھنٹوں بولتے ہیں تو ساری گفتگو میں ایک دو جملے ہی ہوتے ہیں جو “عقل کے آر پار” ہونے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور باقی سب کچھ فلسفے کی نئی ایجاد کردہ شاخ یعنی “فلسفہِ مزاح” کا ہی نمونہ ہوا کرتا ہے۔
اس طرح جمہوریت محض ایڈونچر سے بھرپور باتیں کر کے مضبوط نہیں ہوا کرتی بلکہ اس کیلئے چند منٹ کی باتیں اور گھنٹوں کا عمل زیادہ اہم ہوا کرتے ہیں پھر ہم جو کچھ کرتے ہیں وہ عوامی مفاد اور جمہوریت کے تحفظ کے نام پر ہی کرتے ہیں اور اس “تحفظ” کیلئے بعض اوقات ایسے “غیر جمہوری کارنامے” انجام دے ڈالتے ہیں کہ عوامی مفاد کی آنکھیں بھی دیکھتی رہ جاتی ہیں۔
یہ کارنامے کس طرح کے ہیں ایک مثال امریکہ سے در آمد کی جا سکتی ہے جب آج سے 25 برس پہلے نیویارک کے جڑواں ٹاور مسافر جہازوں کے ٹکرانے سے دیکھتے ہی دیکھتے ملبے کا ڈھیر بن گئے تو اس ڈھیر پر چڑھ کر صدر بش جونیئر نے خطاب کیا تھا کہ “آزادیوں کے دشمن بھی کامیاب نہیں ہونگے” اور پھر انہوں نے “آزادی کے دشمنوں” کو دھول چٹانے کیلئے ایمرجنسی لگا کر “آزادیام” کم کر دی تھیں۔
دستاویزی فلم کے پروڈیوسر، مصنف اور دانشور مائیکل مور کو یہ “ادا” بالکل بھی نہ بھائی تو انہوں نے اپنی کتاب “Fahrenheit 9/11” میں ایک مکالمہ لکھ ڈالا جو کچھ یوں تھا: “آپ نے ایمرجنسی لگا کر آزادیاں کیوں کم کر دیں؟” جس کا بش کی طرف سے یہ جواب دیا گیا تھا کہ “آزادیوں کی حفاظت کیلئے ایسا ضروری تھا” اس پر مائیکل مور کہتے ہیں کہ “کمال ہے” آپ آزادیوں کم کر کے آزادیوں کی حفاظت کر رہے ہیں؟
ابھی میں بھی سوچ میں پڑ جاتا ہوں کہ جس طرح دہشتگردی کو ختم کرنے کیلئے پہلے اسے بڑھانے کا خیال ایک “نامعقول آئیڈیا” ہی ہو سکتا ہے اسی طرح چوری چکاری، قانون شکنی، ڈاکہ زنی اور غربت کی شرح میں کمی لانے کا طریقہ یقیناً پہلے انہیں بڑھنے کا موقع دینا نہیں ہو سکتا اسی طرح “آزادیاں” یا “جمہوریت” کم کر کے بھی انہیں بڑھایا نہیں جا سکتا۔
جس طرح چراغ سے چراغ جلتا ہے اسی طرح جمہوریت اور آزادیوں کی حفاظت بھی انہیں زیادہ سے زیادہ بڑھا کر ہی کی جا سکتی ہے۔
اسی طرح دوسرا فریق بھی محض جذباتی نعرے لگا کر، عملی پروگرام سے ہٹ کر “پاپولر سیاست” کا سہارا لیکر وقتی مفاد تو اٹھا سکتا ہے لیکن اس سے ملک یا عوام کا فائدہ نہیں ہو سکتا، جمہوریت بہترین انتظام ہے لیکن یہ انتظام بہترین اسی وقت بن سکتا ہے جب آپ کے پاس بہترین پروگرام ہو، صرف باتوں کی بارش میں بھیگنے سے ایسا نہیں ہو سکتا۔
یہ بات بھی ہمیشہ ذہن نشین رہنی چاہئے کہ جس طرح کرکٹ فٹبال ہاکی کے بیچ میدان کے اندر ہی ہو سکتے ہیں باہر نہیں اسی طرح تمام “سیاسی کارنامے” اور تمام وعدے اور تمام “پاپولرزم” کی سیاست یا صحافت “ملکی پیرامیٹر” کے اندر ہی ہو سکتی ہے کیونکہ “اپنے مرکز سے دور نکلنے” کا مطلب “خواب” ہو جانے کے سوا کچھ نہیں ہوا کرتا۔
اس میں کوئی دو رائے بھلا کیسے ہو سکتی ہیں! بالکل ہمیں انتہا پسند دہشت گردوں کا مقابلہ کرنا ہے اور قربانیاں دینے والے “اصل ہیروز” کو ہر دم خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے لیکن اس کے ساتھ ہمیں اپنے اندر بے ربط خواہشوں اور اہم خوابوں کے پیچھے بھاگتے ہوئے “انتہا پسندوں” کی کارروائیوں کو بھی روکنا ہے اندر کی انتہا پسندی پر قابو پا کر ہی ہم باہر کے انتہا پسندوں کا بہتر انداز میں مقابلہ کر سکتے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہماری انفرادی خواہشیں آئے روز ہماری اجتماعی ذمہ داریوں سے مضبوط تر ہوتی چلی جا رہی ہیں اور تو اور ہم سب سینئر تجزیہ کار بن چکے ہیں اور اب میڈیا پر آنے والا ایک شخص بھی “جونیئر” نہیں رہا اسی طرح “آنا” اتنی بڑی ہو گئی ہے کہ پروگرام چاہے “ہونہہ” سوچ طرح بات کرنا تک نہ آتی ہو لیکن ہم سب بڑے پائے کے سیاستدان بن چکے ہیں کیونکہ بقول مزاج نگار یونس بٹ ہمارے ہاں چھوٹے پائے کے سیاستدان ڈھونڈے سے بھی نہیں ملتے۔
سیاسی جماعتوں کو یہ سوچنا چاہئے کہ احتجاج ان کا بنیادی حق ہے لیکن عوام اور خصوصاً ان کے ووٹرز کا ان سے کسی قابلِ عمل پروگرام دینے کا تقاضا بھی ان کا بنیادی حق ہے، سڑکیں راستے بند کر کے دوسرے کے بنیادی حقوق سے “کھیلنا” بھی مناسب نہیں۔ اسی طرح “اپنی آنا” کو کم کر کے معاملات افہام و تفہیم سے حل کرنا ہی اربابِ اختیار کا طرہٴ امتیاز ہونا چاہئے۔ حالیہ حکومت اپوزیشن مذاکرات بھی “عجیب شے” تھے بھلا برسوں کے اختلافِ رائے کو دو روز کے مذاکراتی منصوبے سے کیسے اتفاقِ رائے میں بدلا جا سکتا ہے۔ ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ پہلے احتجاج کو اتفاقِ رائے سے روکا جاتا اور پھر مختلف کمیٹیاں بنا کر نئی روزہ مذاکرات کے ذریعے بڑھتی دہشتگردی اور دوسرے مسائل کے خلاف مشترکہ جدوجہد کا طریقہ تلاش کیا جاتا۔
کے پی کے میں دو تین برسوں میں دہشتگردی 195 فیصد بڑھی ہے تو مذاکرات کے دوسرے مرحلے میں یہ اعدادوشمار پیش کر کے زیادہ اچھے طریقے سے سوال وجواب کئے جا سکتے تھے ہو سکتا جواب میں یہ کہہ دیا جاتا کہ “تعاون نہیں مل رہا صوبے کو وسائل نہیں دیئے جا رہے” وغیرہ وغیرہ تو جو بھی غلط ہو رہا تھا اسے باہمی رضامندی سے ٹھیک کیا جا سکتا تھا لیکن شاید دونوں طرف سے محسوس کیا گیا کہ “اس میں لگتی ہے محنت زیادہ” مسائل کے حل اس وقت سامنے آتے ہیں جب سنجیدگی اور اخلاص کا مظاہرہ کیا جائے۔ ملاں نصیر الدین جیسے ہی حرکتوں سے نہیں کہ سوئی گھر میں گم ہوئی ہوا اور اندھیرے کے ڈر سے اسے باہر سڑک پر سٹریٹ لائٹ کی روشنی میں تلاش کرنا شروع کر دیا جائے۔ اس طرح حل تو نہیں ملتے البتہ ساری دنیا کیلئے ہنسی کا سامان ضرور فراہم ہو جایا کرتا ہے۔
جمہوری معاملات اور مسائل حل کرنے کیلئے دونوں طرف جمہوری طرزِ عمل ہونا بہت ضروری ہوتا ہے اور اصل جمہوری طرزِ عمل کا مظاہرہ انفرادی خواہشات اور ملکی مفادات سے اونچی ہوئی ہوئی “اناؤں” کو نکیل ڈال کر ہی کیا جا سکتا ہے افسانہ نگار غلام عباس کا کردار بہروپیا بن کر نہیں۔
افتخار عارف کا شعر ہے:
تیری شوریدہ مزاجی کے سبب تیرے نہیں
اے میرے شہر ت
رے لوگ بھی اب تیرے نہیں