گوادر: ڈائریکٹوریٹ آف ٹورازم بلوچستان کے زیرِ اہتمام گوادر یوتھ ٹورزم سمٹ 2026 کا انعقاد کیا گیا، جس میں سیاحت کے فروغ، نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور ڈیجیٹل میڈیا کے مؤثر استعمال پر زور دیا گیا۔
سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر ٹورازم بلوچستان گہرام بخشی نے سیاحت کے فروغ میں نوجوانوں کے کردار کو اہم قرار دیا۔ انہوں نے اس شعبے میں نوجوانوں کی فعال شمولیت اور صلاحیتوں سے استفادے کی ضرورت پر زور دیا۔
صدر پریس کلب گوادر نور محسن نے اپنے خطاب میں کہا کہ گوادر کے قدرتی حسن، سمندری ورثے اور ثقافتی روایات کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔
قدرتی حسن اور ثقافتی ورثے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی ضرورت، سیاحت سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوسکتے ہیں، سمٹ کے شرکاء
تقریب کے دوران سیاحت، ای کامرس اور کاروباری شعبوں سے وابستہ ماہرین نے پینل ڈسکشن میں شرکت کی۔ اس موقع پر مرتسم اقبال، زلیخا طارق، زہرہ خلیل اور عائشہ مراد بخش نے سیاحت کے فروغ کے مختلف پہلوؤں پر اظہارِ خیال کیا۔ پینل ڈسکشن کی نظامت گراں ناز ہوت نے کی۔
گفتگو کے دوران ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور ای کامرس کے ذریعے سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے سوشل میڈیا، فوٹوگرافی اور ویڈیوز کے ذریعے گوادر کے ساحلوں، قدرتی مناظر اور ثقافتی ورثے کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کی اہمیت اجاگر کی۔
ماہرین نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سیاحت سے متعلق کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مناسب تربیت اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے نوجوان اس شعبے میں نئے کاروباری مواقع پیدا کرسکتے ہیں۔
سمٹ میں سیاحوں کے تحفظ، سیکیورٹی، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور سیاحت کے لیے درکار وسائل کی دستیابی کو بھی اہم قرار دیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ سیاحت کے پائیدار فروغ کے لیے حکومت، نجی شعبے اور مقامی آبادی کے درمیان مؤثر اشتراکِ عمل ضروری ہے۔
شرکاء کے مطابق گوادر کے قدرتی حسن، سمندری ورثے اور منفرد ثقافت کے باعث یہاں ملکی اور بین الاقوامی سیاحت کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ سیاحتی شعبے کی ترقی سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کے ساتھ مقامی معیشت کو بھی مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔
سمٹ میں نوجوانوں کی پیشہ ورانہ تربیت، مقامی کاروباری افراد کی حوصلہ افزائی اور ڈیجیٹل میڈیا کے مؤثر استعمال پر بھی زور دیا گیا۔ شرکاء نے امید ظاہر کی کہ نوجوانوں کی فعال شمولیت بلوچستان کے سیاحتی تشخص کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔
[…] ہیں اور تو اور ہم سب سینئر تجزیہ کار بن چکے ہیں اور اب میڈیا پر آنے والا ایک شخص بھی “جونیئر” نہیں رہا اسی طرح […]
[…] میں لواحقین کوٹہ پالیسی پر عملدرآمد کے حوالے سے ضلع گوادر صوبے کا پہلا ضلع بن گیا، جہاں کوٹہ پالیسی کے تحت 24 مرد و […]