اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کا بھرپور ساتھ دینا ضروری ہے، جو سیاسی جماعت خلوص کے ساتھ فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی نہیں ہوگی، اسے سیاسی طور پر مائنس ہونا پڑے گا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ گورنر خیبرپختونخوا کی جانب سے 160 ارب روپے کے فنڈز کا مطالبہ کیا گیا، جسے وزیراعظم نے فوری طور پر منظور کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی ختم کیے بغیر عوام کی زندگیوں میں بہتری نہیں لائی جا سکتی۔
اس مقصد کے حصول کے لیے پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا، جبکہ دہشت گردی کے خاتمے کے ایجنڈے کا ساتھ نہ دینے والوں کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی۔
28ویں آئینی ترمیم سے متعلق سوال پر انہوں نے واضح کیا کہ فی الحال اس حوالے سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی اور نہ ہی کوئی مسودہ سامنے آیا ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قومی اتحاد ناگزیر ہے۔