تائی پے سے موصولہ اطلاعات کے مطابق تباہ کن سمندری طوفان ‘چمپی’ نے تائیوان میں شدید تباہی مچائی ہے، جس کے نتیجے میں پیش آنے والے مختلف حادثات میں ایک شخص جان بحق جبکہ 171 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
طوفان کے خطرناک اثرات کے باعث حکام نے ایک ہزار سے زائد شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق اس طوفانی لہر کا سب سے زیادہ زور تائیوان کے شمال مشرقی ساحلی علاقوں میں دیکھا جا رہا ہے
، جہاں محکمہ موسمیات نے ہفتے کے روز تک تقریباً 90 سینٹی میٹر تک طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کی ہے اور ہفتے کی صبح سب سے شدید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
طوفان کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے مقامی انتظامیہ نے ساحلی پٹی پر واقع تمام تعلیمی ادارے اور دفاتر بند کر دیے ہیں، جبکہ عام شہریوں کو کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے ساحلی اور پہاڑی علاقوں کی طرف جانے سے سخت تنبیہ کی گئی ہے۔ دوسری جانب اس طوفان کے اثرات پڑوسی ملک جاپان تک بھی جا پہنچے ہیں، جہاں اوکیناوا جزائر شدید متاثر ہوئے ہیں اور بجلی کا نظام درہم برہم ہونے سے تقریباً 8 ہزار 400 سے زائد گھر تاریکی میں ڈوب گئے ہیں۔
[…] کا کہنا ہے کہ بعض سیاح جاپان میں خریداری اور یادگاری اشیا کے لیے اضافی جگہ بنانے یا […]