Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

پاکستان کا افغان طالبان کے الزامات مسترد کرنے کا اعلان، دہشت گردی کے خلاف دفاع کا حق استعمال کرنے کا عزم

 اسلام آباد: پاکستان نے افغان طالبان حکومت کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں شہری ہلاکتوں سے متعلق الزامات کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ملک کو اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور شہریوں کے تحفظ کے لیے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کے خلاف بے بنیاد اور غیر مصدقہ الزامات حقیقت کو تبدیل نہیں کر سکتے۔ افغان سرزمین سے سرگرم دہشت گرد گروہ پاکستان کی سلامتی کے لیے مسلسل خطرہ بنے ہوئے ہیں، جبکہ افغان طالبان حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گرد حملوں کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔

دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ 2026ء کے دوران دہشت گرد حملوں کے نتیجے میں 3,500 سے زائد جانی نقصانات ہو چکے ہیں۔ اقوام متحدہ کے متعلقہ اداروں اور مانیٹرنگ ٹیم کی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ افغان طالبان حکومت متعدد دہشت گرد تنظیموں کو پناہ اور کارروائیوں کی آزادی فراہم کر رہی ہے۔ ان تنظیموں میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان، فتنۃ الخوارج، بلوچ لبریشن آرمی، فتنہ الہندوستان اور ان سے وابستہ گروہ شامل ہیں۔

ترجمان کے مطابق پاکستان کے متعدد شہری دہشت گرد حملوں میں جانیں گنوا چکے ہیں، جن کی منصوبہ بندی، مالی معاونت اور عملی کارروائیوں کے لیے افغان سرزمین استعمال کی گئی۔

 

پاکستان کا مؤقف ہے کہ کوئی بھی ذمہ دار ریاست اپنے شہریوں اور سکیورٹی اہلکاروں پر مسلسل حملوں کے باوجود خاموش نہیں رہ سکتی۔

دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستانی کارروائیاں اپنے دفاع کے حق کے تحت، ضرورت اور آخری چارۂ کار کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہیں۔ ان کارروائیوں کا ہدف افغانستان میں موجود دہشت گرد عناصر اور ان کے لاجسٹک معاونت کے مراکز تھے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ کارروائیوں کے دوران اہداف میں امتیاز اور ضروری احتیاط کے اصولوں پر عمل کیا گیا۔

پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ افغان طالبان حکومت کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور اپنے وعدوں کی پاسداری کا پابند بنایا جائے، تاکہ افغان سرزمین سے پاکستان سمیت خطے کے دیگر ممالک کے خلاف دہشت گرد سرگرمیوں کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے اعادہ کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور عوام کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More