لاہور: سری لنکا کے مایہ ناز بلے باز پتھم نسانکا انجری سے مکمل طور پر صحت یاب نہ ہونے کے باعث پاکستان کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز می حصہ نہیں لے سکیں گے۔
سری لنکن کرکٹ بورڈ کے مطابق نسانکا کو فٹنس سے مشروط طور پر ابتدائی ٹیسٹ اسکواڈ میں جگہ دی گئی تھی، تاہم وہ سیریز کے آغاز سے قبل مکمل فٹنس حاصل کرنے میں ناکام رہے، جس کے بعد انہیں ٹیم سے باہر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
انجری کے باعث نسانکا پاکستان میں منعقدہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز اور انگلینڈ، پاکستان و سری لنکا پر مشتمل سہ ملکی ون ڈے سیریز سے بھی محروم رہے تھے۔
ان کی عدم دستیابی کے پیش نظر سری لنکن ٹیم میں لاہیرو یوڈارا کو شامل کرلیا گیا ہے۔ یوڈارا اس وقت ون ڈے اسکواڈ کا حصہ ہیں اور اب ٹیسٹ ٹیم کو بھی جوائن کریں گے۔
لاہیرو یوڈارا اس سے قبل سری لنکا کی جانب سے ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کھیل چکے ہیں۔ انہوں نے 2026 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سیریز کے دوران شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 188 رنز کی اننگز کھیلی تھی، جو ان کے کیریئر کی بہترین اننگز قرار دی گئی۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 9 نومبر کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، جبکہ سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ 17 نومبر سے لاہور میں شروع ہوگا۔