لاہور: پاکستانی گلوکار اور اداکار دانیال ظفر نے مسلسل مصروفیات، سفر اور کام کے دباؤ کے باعث صحت متاثر ہونے پر کچھ عرصے کے لیے شوبز سرگرمیوں سے دور رہنے کا اعلان کر دیا ہے۔
دانیال ظفر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی اسٹوری میں بتایا کہ وہ خود کو جسمانی اور ذہنی برداشت کی آخری حد پر محسوس کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق گزشتہ دو سال مسلسل سفر میں گزرے اور صورت حال یہ رہی کہ کسی ایک جگہ چند دن سے زیادہ قیام کرنا بھی مشکل ہوگیا تھا۔
گلوکار و اداکار کا کہنا تھا کہ موسیقی کے ساتھ اداکاری کی ذمہ داریاں نبھانا آسان نہیں، جبکہ مسلسل کام اور مصروف معمولات نے ان کی صحت کو متاثر کیا ہے۔ انہیں فی الحال اپنی صحت کو ترجیح دینے کا مشورہ دیا گیا، جس کے بعد انہوں نے تمام پیشہ ورانہ سرگرمیاں عارضی طور پر روکنے کا فیصلہ کیا۔
واضح رہے کہ دانیال ظفر حال ہی میں ڈرامہ سیریلز رقص اور زنجیریں میں مرکزی کردار ادا کرتے دکھائی دیے تھے۔ اس کے علاوہ وہ اپنے نئے اسٹوڈیو البم اسٹورمز اینڈ سیرینٹی کی تشہیری سرگرمیوں میں بھی مصروف تھے۔
دانیال ظفر کے اس فیصلے کے بعد ان کے مداحوں کی توجہ اب ان کی صحت یابی اور شوبز میں واپسی پر مرکوز ہے۔