تہران: ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای سے سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے ملاقات کی، جس میں قومی سلامتی، آبنائے ہرمز کی صورت حال اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات سمیت اہم امور پر گفتگو کی گئی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ملاقات کے دوران مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل ملکی پالیسی سازی میں کلیدی اہمیت رکھتی ہے، جبکہ درست فیصلوں کے ساتھ ان پر مؤثر عمل درآمد بھی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز پر کنٹرول قومی اور علاقائی سلامتی کے تحفظ کے لیے اہمیت رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی مزاحمت کے نتیجے میں دشمن مایوسی کا شکار ہوتا ہے۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے مزید زور دیا کہ جنگ کے خاتمے کے لیے ایرانی حکام کی جانب سے طے کردہ شرائط پر عمل درآمد یقینی بنایا جانا چاہیے۔
ملاقات میں خطے کی سیکیورٹی صورت حال اور ایران کی پالیسی ترجیحات سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔