Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

پاکستان اور سنگاپور کا دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور تعلیمی روابط بڑھانے پر اتفاق

 اسلام آباد: پاکستان اور سنگاپور نے باہمی تعلقات کو نئی جہت دینے اور تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ہنرمندی اور قدرتی آفات سے نمٹنے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن کے درمیان اسلام آباد میں اہم ملاقات ہوئی، جس کے بعد دونوں رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی۔

اس موقع پر ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان قابل تعریف کوششیں کر رہا ہے اور وہ اس کردار پر پاکستان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ سنگاپور کے وزیر خارجہ کی پاکستان آمد باعث مسرت ہے، دونوں ممالک کے درمیان مستقل بنیادوں پر دوطرفہ سیاسی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ان اولین ممالک میں شامل تھا جنہوں نے سنگاپور کو تسلیم کیا، جبکہ گزشتہ 20 سال کے دوران کسی سنگاپوری وزیر خارجہ کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔

نائب وزیراعظم نے بتایا کہ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے علاوہ علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ سنگاپور میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ دفتر کو دوبارہ کھول دیا گیا ہے، جس سے اقتصادی روابط کو مزید تقویت ملے گی۔

سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن نے پاکستان کو خوبصورت ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں بلند پہاڑ اور سرسبز علاقے موجود ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے سنگاپور کے دورے کی دعوت قبول کر لی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ساتھ اہم مفاہمتی یادداشت طے پائی ہے، جس کے تحت ابتدائی وارننگ سسٹم سمیت مختلف شعبوں میں مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور سنگاپور کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کا جائزہ لیا۔ دونوں ممالک سفارتی تعلقات کے قیام کے 60 سال مکمل ہونے کا جشن منا رہے ہیں۔

ملاقات میں اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلوں کو جاری رکھنے، کاروباری اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنانے، عوامی سطح پر تعلقات کے فروغ اور ہنرمندی کی ترقی کے لیے تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے کثیرالجہتی فورمز پر باہمی اشتراک اور آسیان کے ساتھ پاکستان کے بڑھتے ہوئے روابط پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

اسحاق ڈار نے علاقائی اور عالمی مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو بنیادی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پائیدار امن اور استحکام کے قیام کے لیے تنازعات کا پرامن حل ناگزیر ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More