لاہور: معروف پاکستانی اداکار معمر رانا کی اہلیہ مہناز نے عدالت سے خلع حاصل کرلی۔ لاہور کی فیملی کورٹ کے جج زاہد بشیر نے درخواست پر سماعت کے بعد مہناز معمر رانا کے حق میں خلع کی ڈگری جاری کردی۔
درخواست گزار کی جانب سے وکیل خدیجہ صدیقی نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ معمر رانا مبینہ طور پر شراب نوشی کے بعد اہلیہ سے بدسلوکی، تشدد اور گالم گلوچ کرتے تھے۔ درخواست میں الزام عائد کیا گیا کہ اداکار نے متعدد مرتبہ اپنی بیٹیوں کے سامنے بھی نشے کی حالت میں نازیبا الفاظ استعمال کیے، جس کے باعث بچیوں کو ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔
درخواست کے مطابق مہناز اور معمر رانا کی شادی 24 اکتوبر 1998 کو ہوئی تھی اور دونوں کی دو بیٹیاں ہیں۔ تقریباً 28 سالہ ازدواجی زندگی کے دوران معمر رانا نے مبینہ طور پر گھر کے اخراجات بھی پورے نہیں کیے۔
درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ اہل خانہ نے اداکار کے رویے میں بہتری لانے کے لیے متعدد بار کوششیں کیں، تاہم انہوں نے علاج کروانے سے انکار کردیا۔
مہناز نے اپنے مؤقف میں کہا کہ وہ اب معمر رانا کے ساتھ مزید ازدواجی زندگی جاری نہیں رکھ سکتیں، اس لیے عدالت سے خلع کی استدعا کی گئی۔
عدالت نے درخواست گزار کا مؤقف سننے کے بعد ان کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے خلع کی ڈگری جاری کردی۔