لاہور: پاکستان کرکٹ کے قدیم ترین فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی کے 69ویں ایڈیشن کے لیے گولڈ اور سلور ٹورنامنٹس کے اسکواڈز اور شیڈول کا اعلان کر دیا گیا، ایونٹ کا آغاز 3 نومبر سے ہوگا۔
قائد اعظم ٹرافی گولڈ میں 8 جبکہ سلور ٹورنامنٹ میں 12 ریجنل ٹیمیں حصہ لیں گی، دونوں ایونٹس میں مجموعی طور پر 60 فرسٹ کلاس میچز کھیلے جائیں گے۔
گولڈ ٹورنامنٹ کے ابتدائی مرحلے میں قومی ٹیسٹ کپتان بابر اعظم لاہور وائٹس کی نمائندگی کریں گے، جبکہ ون ڈے ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی فاٹا کی قیادت کریں گے۔ دونوں ٹیمیں افتتاحی میچ میں ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں آمنے سامنے ہوں گی۔
گولڈ ٹورنامنٹ میں دفاعی چیمپئن کراچی بلوز کے علاوہ فیصل آباد، فاٹا، لاہور وائٹس، اسلام آباد، پشاور، ملتان اور سیالکوٹ بلوز شامل ہیں۔
سلور ٹورنامنٹ کی 12 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں لاہور بلوز، راولپنڈی، لاڑکانہ، کوئٹہ، بہاولپور اور پشاور وائٹس جبکہ گروپ بی میں کراچی وائٹس، آزاد جموں و کشمیر، حیدرآباد، ڈیرہ مراد جمالی، ایبٹ آباد اور سیالکوٹ وائٹس شامل ہیں۔
قائد اعظم ٹرافی گولڈ 3 نومبر سے 19 دسمبر تک جاری رہے گی، جس کے ہر راؤنڈ میں چار میچز کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 15 سے 19 دسمبر تک ہوگا، جبکہ سلور ایونٹ 3 نومبر سے 7 دسمبر تک کھیلا جائے گا۔
گولڈ ٹورنامنٹ کے مقابلے اسلام آباد، ایبٹ آباد اور راولپنڈی کے مختلف کرکٹ گراؤنڈز میں ہوں گے، جبکہ سلور گروپ اے کے میچز کراچی اور گروپ بی کے مقابلے ملتان، رحیم یار خان اور بہاولپور میں منعقد کیے جائیں گے۔
سلور ٹورنامنٹ کی ٹاپ دو ٹیمیں اگلے سیزن میں قائد اعظم ٹرافی گولڈ کا حصہ بنیں گی۔