Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

ڈنمارک میں تعلیمی وظائف میں کٹوتیوں کے خلاف ہزاروں طلبا سڑکوں پر نکل آئے

 کوپن ہیگن: یورپ میں تعلیمی اخراجات اور طلبا کی مالی معاونت میں کمی کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شدت اختیار کر گیا، ڈنمارک میں بھی ہزاروں طلبا نے حکومت کی جانب سے تعلیمی وظائف محدود کرنے کی تجویز کے خلاف احتجاج کیا۔

دارالحکومت کوپن ہیگن میں طلبا نے سٹی ہال اسکوائر سے پارلیمنٹ تک احتجاجی مارچ کیا اور مجوزہ حکومتی منصوبے کو مسترد کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ طلبا کو فراہم کیے جانے والے سرکاری تعلیمی وظائف میں کٹوتی نہ کی جائے۔

طلبا تنظیموں کے مطابق ملک کے 57 تعلیمی اداروں میں تقریباً 40 ہزار طلبا نے حکومتی فیصلے کے خلاف ہڑتال کی۔ اس موقع پر مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مالی معاونت برقرار رکھنے اور نوجوانوں کے تعلیمی مستقبل کے تحفظ کے مطالبات درج تھے۔

ڈنمارک میں 1970 سے 18 سال سے زائد عمر کے اسکولوں اور جامعات کے طلبا کو والدین کی آمدن سے قطع نظر سرکاری وظائف دیے جا رہے ہیں۔ موجودہ نظام کے تحت والدین کے ساتھ رہنے والے طلبا کو ماہانہ ایک ہزار 154 ڈینش کرونر جبکہ الگ رہائش رکھنے والے طلبا کو 7 ہزار 426 کرونر فراہم کیے جاتے ہیں۔

تاہم حکومت کی نئی تجویز کے مطابق ایسے طلبا کے وظائف ختم کرنے کا منصوبہ ہے جن کے والدین کی سالانہ آمدن 7 لاکھ ڈینش کرونر سے تجاوز کرتی ہے، جبکہ 4 لاکھ 19 ہزار 589 سے 7 لاکھ کرونر آمدن والے خاندانوں کے طلبا کی مالی معاونت بھی کم کی جائے گی۔

وزارت برائے اعلیٰ تعلیم کے مطابق مجوزہ اصلاحات کے نتیجے میں تقریباً 14 ہزار طلبا سرکاری وظائف سے محروم ہو سکتے ہیں جبکہ مزید 8 ہزار طلبا کو پہلے سے کم مالی امداد ملے گی۔

طلبا رہنماؤں نے حکومتی منصوبے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈنمارک کا تعلیمی نظام طلبا کی مالی معاونت کے حوالے سے دنیا کے بہترین نظاموں میں شمار ہوتا ہے، وظائف میں کمی سے نوجوانوں کے لیے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا مشکل ہو جائے گا۔

یہ احتجاجی لہر فرانس سے شروع ہونے والی طلبا تحریک کا تسلسل ہے، جو اب یورپ کے دیگر ممالک تک پھیل رہی ہے۔ فرانس، اٹلی اور جرمنی میں بھی نوجوان مہنگائی، رہائش کے بڑھتے اخراجات اور تعلیمی سہولتوں میں کمی کے خلاف مظاہرے کر چکے ہیں۔

دوسری جانب ڈنمارک کی حکومت کا کہنا ہے کہ تعلیمی وظائف میں مجوزہ کٹوتیوں سے بچنے والے فنڈز دفاعی اخراجات پر صرف کیے جا سکیں گے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More