لندن: برطانوی شہزادہ ہیری کی اہلیہ میگھن مارکل کے والد تھامس مارکل کو امریکی ریاست فلوریڈا میں بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مواد رکھنے کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق 82 سالہ تھامس مارکل کے لاس اینجلس میں واقع دو اسٹوریج یونٹس سے تقریباً 78 اشیا برآمد کی گئیں، جن میں سلائیڈز، فلم نیگیٹوز اور کتابیں شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ضبط کیے گئے مواد میں کم عمر لڑکیوں کی قابل اعتراض تصاویر بھی موجود تھیں۔
رپورٹ کے مطابق تھامس مارکل کے بیٹے تھامس جونیئر نے پہلے فلپائن میں اپنے والد کی رہائش گاہ سے مبینہ طور پر ایسی تصاویر ملنے کا دعویٰ کیا تھا اور اس حوالے سے حکام کو اطلاع دی تھی۔
دوسری جانب تھامس مارکل نے اپنے اوپر عائد الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ بیٹے کی جانب سے لگائے گئے الزامات نے انہیں شدید صدمہ پہنچایا۔ ان کا مؤقف تھا کہ 2025 میں میکسیکو چھوڑنے کے بعد کمپیوٹر کا سامان ان کے پاس نہیں رہا۔
ادھر میگھن مارکل نے اکتوبر میں اس معاملے پر گہرے دکھ اور پریشانی کا اظہار کیا تھا۔ ایف بی آئی نے بھی الزامات سے آگاہ ہونے اور تحقیقات میں معاونت کرنے کی تصدیق کی تھی۔
میگھن مارکل کا کہنا تھا کہ ان کے والد کی سابقہ رہائش گاہ سے بچوں کے جنسی استحصال پر مبنی تصاویر کا ذخیرہ ملنے کی اطلاع سامنے آئی ہے، جبکہ انہوں نے اپنے بچوں کے تحفظ کی خاطر والد سے فاصلہ اختیار کر رکھا ہے۔