بی آئی ایس پی کے مستحقین کے لیے خوشخبری، 300 افراد کو مفت فنی و پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کا فیصلہ
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بورڈ کی جانب سے Pak-Austria Fachhochschule Institute of Applied Sciences and Technology(PAF-IAST)، ہری پور کے اشتراک سے رہائشی بنیادوں پر فنی و پیشہ ورانہ مہارتوں کی ترقی کے پائلٹ پروگرام کی منظوری
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کے بورڈ نے Pak-Austria Fachhochschule Institute of Applied Sciences and Technology(PAF-IAST)، ہری پور کے اشتراک سے رہائشی بنیادوں پر فنی و پیشہ ورانہ مہارتوں کی تربیت کے ایک پائلٹ پروگرام کی منظوری دے دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد ملک بھر سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے 300 مستحقین کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ رہائشی تربیتی نظام کے تحت اعلیٰ معیار کی ایسی فنی و پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنا ہے جو مارکیٹ کی ضروریات سے مطابقت رکھتی ہو، تاکہ وہ روزگار کے بہتر مواقع حاصل کرنے اور پائیدار ذرائع معاش کے حصول کے قابل ہو سکیں۔
اس پروگرام کے تحت تین ترجیحی شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی، جن میں مہمان نوازی کا انتظام و انصرام اور سیاحتی خدمات، صحت کی سہولیات و خدمات اور مریضوں کی دیکھ بھال، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل مہارتیں شامل ہیں۔ خواتین کی معاشی خودمختاری کے فروغ کے لیے پروگرام میں کم از کم 50 فیصد شرکت خواتین کی یقینی بنائی جائے گی۔ اس کے علاوہ، پروگرام کے تحت شرکاء کو آجرین کے ساتھ رابطے کے مواقع، کیریئر سے متعلق رہنمائی، پیشہ ورانہ ماحول سے آگاہی، متعلقہ صنعتوں کے عملی مشاہدے اور منتخب شعبوں میں بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ سرٹیفکیشن کے حصول میں بھی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس مربوط حکمتِ عملی کا مقصد شرکاء کی روزگار کے حصول کی صلاحیت اور ملکی و بین الاقوامی لیبر مارکیٹ میں ان کی مسابقتی استعداد کو بہتر بنانا ہے۔
یہ پائلٹ پروگرام رہائشی بنیادوں پر مہارتوں کی ترقی کے اس ماڈل کی افادیت اور مستقبل میں اس کے دائرہ کار کو وسعت دینے کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے ایک عملی نمونے کے طور پر کام کرے گا۔ یہ اقدام بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے اس عزم کا عکاس ہے کہ روایتی سماجی معاونت سے آگے بڑھتے ہوئے مستحق خاندانوں کے لیے پائیدار ذرائع معاش اور معاشی خودمختاری کے مواقع پیدا کیے جائیں۔ انسانی وسائل پر سرمایہ کاری اور مستحق گھرانوں کے افراد کو مارکیٹ کی طلب کے مطابق پیشہ ورانہ مہارتوں سے آراستہ کرکے، BISP کا مقصد انہیں باعزت روزگار، آمدن کے بہتر مواقع اور معاشی خودانحصاری کی جانب گامزن کرنا ہے۔